جھیل ڈل میں ہونے والے آج کے’’ایئر شو‘‘کی تیاریاں مکمل | سرینگر میں لڑاکا طیاروں کی گونج،آج کرتب بازی اور اسکائی ڈائیونگ کا مظاہرہ ہوگا

سرینگر// جھیل ڈل کی فضا میں 'ایئر شو' کے انعقاد کی تیاریوں کے پیش نظر جنگی جہازوں کی ریہرسل کا سلسلہ ہفتے کو بھی جاری رہا جس کے باعث سرینگر کے فضاؤں میں جہازوں کی گونج سے لوگ ششدر ہو کر رہ گئے ۔انڈین ایئر فروس کی جانب سے آج یعنی 26 ستمبراتوار کو شہرہ آفاق جھیل ڈل کی فضا میں ایک 'ایئر شو' کا اہتمام ہو رہا ہے ۔ یہ شو 'آزادی کا امرت مہا اتسو' منانے کے سلسلے میں منعقد کیا جا رہا ہے ۔ائر شو کے سلسلے میں دو روز سے جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی رہرسل کا عمل جاری رہا اور اچانک فضا میں جنگی طیاروں کی گن گرج سے اہل سرینگر  خوف زدہ ہوگئے۔ائر شو آج صبح 6بجے سے سہ پہر 3بجے تک جاری رہیگا۔ معلوم ہوا ہے کہ ائر شو میں 20لڑاکا طیارے اور10 ہیلی کاپٹر حصہ لے رہے ہیں۔ایک سرکاری ترجمان کے مطابق اس شو کو جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ،یہاں جھیل ڈل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر سے ہری جھنڈی دکھائیں گے ۔ شو میں مختلف جنگی جہاز اپنی کرتب بازی کی نمائش کریں گے ۔ اس شو کا بنیادی مقصد وادی کشمیر کے نوجوانوں کو انڈین ایئر فورس میں داخل ہونے کی طرف راغب کرانا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ اس پروگرام میں زائد از 3 ہزار طلبا کی شرکت متوقع ہے جو انڈین ایئر فورس کی پُر اثر کرتب بازی دیکھیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ طلبا کے علاوہ 700 اساتذہ بھی اس موقعے پر موجود ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس شو سے طلبا کو اپنے خوابوں کی دنیا کو پورا کرنے کا حوصلہ ملے گا۔ترجمان نے کہا کہ اس شو کے دوران طلبا کو انڈین ایئر فورس کی طرف سے کی جانے والی نئی تکنیکی حصولیابیوں سے بھی روشناس کرایا جائے گا۔ طلبا کو اس موقعے پر انڈین ایئر فورس میں روزگار کے مواقع کی جانکاری بھی فراہم کی جائے گی انہیں اس کے بھرتی قوانین کی بھی واقفیت کرائی جائے گی۔دریں اثنا سرینگر میں مقیم دفاعی ترجمان کرنل عمران موسوی نے بتایا کہ اس نمائش میں انڈین ایئر فورس کے مختلف جہاز 'فلائی پاسٹ' کا کرتب بھی دکھائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پیرا موٹر فلائنگ اور فضائیہ کی اسکائی ڈائیونگ ٹیم’’آکاش گنگا‘‘ شو میں نظر میں آئے گی جبکہ انڈئن ائر فور س کا سمفنی آرکسٹرا تقریب میں اضافہ کرے گا۔بھار تیہ فضایہ کے سفیر سوریہ کرن کی ٹیم سرینگر میں ایک سال کے وقفے کے بعد وادی میں اپنی کارکردگی پیش کرے گی۔’’ اپنے خوابوں کو پنکھ دیں ‘‘کے عنوان سے تقریب میں ایک تصویری نمائش بھی ہوگی جس میں فضائیہ کی تاریخ کو اجاگر کیا جائے گا۔