جگٹی ٹاؤن شپ نگروٹہ میں طبی خدمات کاجائزہ

 جموں //گورنر کے مشیر کے وجے کمار نے نگروٹہ میں جگٹی کا دورہ کر کے وہاں سرکاری ہسپتال کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے وہاں مائیگرنٹ کنبوں کیلئے دستیاب علاج و معالجہ کی سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر سمیر متو اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ مشیر نے تمام شعبوں کا معائینہ کر کے ڈاکٹروں سے دستیاب سہولیات اور آلات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں نے مشیر کو ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی تعداد کے علاوہ سہولیات کے بارے میں جانکاری دی ۔ مشیر نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں کو ہدایت دی کہ وہ ہسپتال میں موجود سہولیات کو بڑھاوا دینے کیلئے اقدامات کریں ۔ انہوں نے سی ایم او جموں کو ہدایت دی کہ وہ ہسپتال میں موجود تمام تکنیکی عملے کیلئے ریفریشر کورسوں کا انعقاد کریں تا کہ وہ اپنے علم اور ہنروں میں اضافہ کر سکیں ۔ مشیر نے سی ایم او کو ہدایت دی کہ وہ رات کے دوران بھی ہسپتال میں ڈاکٹر اور نیم طبی عملے کی دستیابی کو یقینی بنائیں تا کہ مریضوں کو 24 گھنٹے طبی سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔