جگنو کرکٹ اکیڈمی وارپورہ نے وائی ایس سی سی پتشائی کو 5وکٹوں سے شکست دی

بارہمولہ//ضلع بارہمولہ میں زینگیر سوپور علاقے کے ماگرےپورہ گاوں کے میدان پر زینگیر ٹی ٹوئنٹی نویں ایڈیشن کا سینکڑوں تماشائیوں کی موجودگی میں شاندار انداز کے ساتھ آغاز ہوا۔ ابتدائی میچ میں جگنو کرکٹ اکیڈمی نے وائی ایس سی سی پتشائی کو پانچ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرایا ۔ٹاس وائی ایس سی سی کے کپتان نے جیتا اور پہلے بلےبازی کا فیصلہ کیا جو کہ جگنو کرکٹ کلب کے گیندبازوں نے غلط ثابت کر دیا اور آٹھ وکٹوں کے نقصان پر مقررہ بیس اورز میں وائی سی سی پتشائی کو 112 رنز پر روک دیا ۔مفیض احمد وائی ایس سی سی کی جانب سے 27 رنز کے ساتھ نمایاں سکورر رہے جبکہ نوید نے 23 رنز جوڑے ۔جگنو کرکٹ اکیڈمی وارپورہ کی جانب سے زاہد نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا جبکہ آکاش نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا اسکے علاوہ پرنس اور عمر نے ایک وکٹ حاصل کی ۔جواب میں جگنو کرکٹ اکیڈمی نے مطلوبہ ہدف انیس اورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا اور پانچ وکٹوں سے میچ اپنے جولی میں ڈال کر جیت درج کر لی ۔عمیر نے شاندار بلےبازی کرتے ہوئے 35 رنز بنائے جبکہ شاکر نے 25 رنز بنائے ۔