حیدرآباد//تلنگانہ کے ضلع جگتیال کے کنڈہ گٹو گھاٹ روڈ پر پیش آئے دلدوز سڑک حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد61تک جاپہنچی ہے کیونکہ دو خاتون مسافرین کی علاج کے دوران موت ہوگئی ۔ بیشتر مسادرین ہنوز اسپتالوں میں ہیں۔ کئی مسافرین کی حالت تشویشناک ہے جنہیں بہتر طبی نگہداشت کے لئے حیدرآباد اور کریم نگر کے اسپتالوں کو منتقل کیا گیاہے ۔عثمانیہ اور گاندھی اسپتالوں کے ڈاکٹرس کی سوپر اسپیشالٹی ٹیم جگتیال میں قیام کی ہوئی ہے تاکہ زخمیوں کا علاج کیا جاسکے ۔ پولیس نے کہا کہ تین افراد ہنوز کوما میں ہیں۔ ایک حاملہ خاتون جس کی زچگی گزشتہ روز ہونے والی تھی کی بھی موت ہوگئی ۔ تمام لاشوں کی شناخت کرتے ہوئے جگتیال کے سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد ان کے ورثاء کو حوالے کردیا گیا۔ پولیس نے کہا کہ بس میں 90مسافرین سوار تھے جبکہ بس میں 54افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔گزشتہ روز 57افراد کی آخری رسومات ان کے مواضعات میں کردی گئی جبکہ شنی ورم پیٹ گاوں میں 13افراد کی آخری رسومات انجام دیدی گئیں۔ ٹی ایس آرٹی سی نے حکومت کو ابتدائی رپورٹ پیش کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بس کا ڈرائیور سڑک کی موڑ پر دوسری گاڑی سے بس کے ٹکرانے کو روکنے کی کوشش کررہا تھا۔ جگتیال بس ڈپو کے منیجر کو پہلے ہی معطل کردیا گیا ہے ۔ یواین آئی
جگتیال حادثہ ،مرنے والوں کی تعداد 61ہوگئی
