جوینائل جسٹس ایکٹ : 5اضلاع کے پولیس آفیسران کیلئے ورکشاپ

 جموں //جوینائل جسٹس ایکٹ کے سلسلہ میں صوبہ جموں کے پانچ اضلاع کے پولیس آفیسران کیلئے ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا ۔اس ورکشاپ میں جموں ،سانبہ ،کٹھوعہ ،ادہم پور اور ریاسی اضلاع کے پولیس آفیسران نے شرکت کی ۔زونل پولیس ہیڈ کواٹر جموںمیں نیشنل ڈیولپمنٹ فائونڈیشن اور مشن ڈائریکٹر آئی سی پی ایس جموں وکشمیر کے اشتراک سے منعقد کی گئی مذکورہ ورکشاپ کے دوران جوینائل جسٹس ایکٹ 2013اور رولز 2014کے بارے میں پولیس آفیسران کو جانکاری فراہم کی گئی ۔ ورکشاپ میں جسٹس حسنین مسعودی سلیکشن کم ائور سائٹ کمیٹی بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ ان کے علا وہ سٹیٹ مشن ڈائریکٹر آئی سی پی ایس ،نیشنل ڈیولپمنٹ فائونڈیشن کے قائد راجیو کھجوریہ بھی موجود تھے ۔ورکشاپ کے دوران جوینائل جسٹس ایکٹ اور بچوں کے حقوق کے بارے میں پولیس آفیسران کو تربیت دی گئی تاکہ سماج میں بچوں سے متعلق جرائم پر قانون کے تحت قابو پایا جاسکے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے جسٹس حسنین مسعودی نے کہاکہ مذکورہ ایکٹ کے تحت بچوں کو بہترین تحفظ فراہم کر نا انتظامیہ بالخصوص پولیس کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے پولیس آفیسران سے کہاکہ وہ سماج میں بچوں کیلئے دوستانہ ماحول پیدا کریں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ جونیائل جسٹس ایکٹ اور مجرمانہ نوعیت کے معاملات کیلئے بنائے گئے قوانین میں فرق ہے جبکہ 18برس سے کم عمر کے بچوں کیلئے زیادہ تر جوینائل جسٹس ایکٹ ہی استعمال کیا جاتا ہے ۔اس موقعہ پر راجیو کھجوریہ نے ریاست میں جونیائل جسٹس ایکٹ کو لاگو کرنے کیلئے مرتب پلان کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔ورکشاپ میں پروفیسر آرتی شرما ،نیا گنڈوترہ ،سندیپ گپتا ودیگران بھی موجود تھے ۔