لندن/انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان جو روٹ نے کچھ عرصے سے ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کی ناکامی اور ویسٹ انڈیز سے حالیہ 1-0 کی سیریز میں شکست کے بعد ردعمل کا اظہار کیا ہے۔روٹ نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے ٹیسٹ کھلاڑیوں نے ویسٹ انڈیز میں سیریز ہارنے کے باوجود ان کی قیادت کا ساتھ دیا ہے جس کی وجہ سے وہ ٹیسٹ کپتان کے طور پر جاری رہنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ اس سیریز میں شکست سے اب انگلینڈ کی مسلسل پانچ سیریز کیریبین سرزمین پر جیت کے بغیر ختم ہوئی ہے اور یہ کیریبین میں انگلینڈ کا تاریخ کا بدترین ریکارڈ ہے۔ سیریز کے پہلے دو میچ ڈرا ہونے کے بعد انگلینڈ یہاں گراناڈا میں تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں بکھر گیا۔ دونوں اننگز میں ناقص بلے بازی کی وجہ سے وہ چوتھے دن ہی صبح کے کھیل میں ویسٹ انڈیز سے 10 وکٹوں سے ہار گئے۔ گزشتہ 17 ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ نے صرف ایک میچ جیتا ہے۔میچ کے بعد بی ٹی اسپورٹ چینل سے بات کرتے ہوئے روٹ نے کہا کہ میں اس میچ سے پہلے اور اس دورے کے دوران کئی بار واضح کر چکا ہوں کہ میرا مقصد ٹیم کو آگے لے جانا ہے۔ نتائج آپ کے ہاتھ میں نہیں لیکن یقین جانیے یہ گروپ میرے ساتھ ہے۔ ہم نے بہت ساری چیزیں اچھی طرح سے کیں لیکن صرف انہیں مکمل نتائج میں تبدیل نہیں کر سکے۔