عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //راجوری ٹاؤن کے جواہر نگر چھاپڑیاں بازار میں بند نالی عوام کیلئے شدید مشکلات کا باعث بن رہی ہے لیکن ابھی تک حکام کی جانب سے مذکورہ نالی کو ٹھیک کرنے کی جانب کوئی دھیان نہیں دیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ نالی میں کئی مہینوں سے کیچڑ اور کچرے کی بھرمار ہے جس کے باعث گندہ پانی سڑک پر بہہ رہا ہے۔ یہ مسئلہ نہ صرف بدبو پھیلنے کا باعث ہے بلکہ مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بھی پیدا کر رہا ہے۔یہ علاقہ شہر کے مصروف ترین مقامات میں شامل ہے جہاں سینکڑوں افراد روزانہ آتے جاتے ہیں۔ تاجروں کے مطابق، نالی کے بند ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں کیساتھ ساتھ عام راہگیر بھی پریشان ہیں ۔مکینوں کا کہنا ہے کہ بند نالی کے باعث گندہ پانی سڑک پر بہنے لگا ہے، جو نہایت غیر صحت مند اور بدبو دار ماحول پیدا کر رہا ہے۔ مقامی لوگوں اور تاجروں نے کئی بار انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس نالی کو صاف کیا جائے اور اس کی مرمت کی جائے، لیکن تاحال کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر اس مسئلے کو حل کیا جائے تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔