جوابدہ طرزِ حکمرانی کی فراہمی میں میڈیا کا اہم رول

بانڈی پورہ//ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے پیر کے روز ضلع کے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کی جس کا اہتمام ڈسٹرکٹ انفارمیشن سینٹر بانڈی پورہ نے کیا تھا۔ اس موقع پر جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ امتیاز احمد، ڈسٹرکٹ انفارمیشن افسر شوکت حسین گنائی اور ڈی آئی سی کے دیگر افسران موجود تھے۔بات چیت کے دوران مختلف پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا اداروں کے نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر کے ساتھ بات چیت کی اور مفاد عامہ کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو زمینی سطح پر ہونے والی تقریبات کی کوریج کے دوران پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور ضلع ہیڈ کوارٹر بانڈی پورہ اور سنبل میں پریس کلب اور میڈیا سہولت مرکز کی فراہمی سمیت متعدد مطالبات پیش کئے۔ ڈاکٹر اویس نے کہا کہ میڈیا عوام کو شفاف اور جوابدہ طرز حکمرانی کی فراہمی کیلئے جمہوریت کا ایک اہم ستون ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ میڈیا کے ساتھ ہم آہنگی کے لیے ہمیشہ موجود رہے گی جو بالواسطہ یا بلاواسطہ فروغ دینے میں مصروف ہیں۔انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ وہ عوام کے مسائل کو اجاگر کرکے عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کام کریں تاکہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تیزی سے کام کرسکیں۔ کووڈ 19کی وبا کے دوران صحافیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میڈیا کے تعاون اور باقاعدہ فیڈ بیک نے انتظامیہ کو کووِڈ 19پر قابو پانے کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جاری کردہ رہنما خطوط اور ایس او پیز کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے میں بھی مدد کی۔اس موقعہ پر ڈسٹرکٹ انفارمیشن افسر نے صحافتی معیارات اور اصولوں کی پاسداری پر زور دیا۔ صحافیوں نے بھی بات چیت میں حصہ لیا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے وسیع تر مفادات کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بہتر تال میل کے لیے تجاویز پیش کیں۔