جوابدہی اور بہتر حکمرانی عوام کی بہبود کیلئے لازمی: ویری

 سرینگر//مال امداد اور باز آباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری نے کہا ہے کہ بہتر حکمرانی اور ترقی لوگوں کی بہبور کیلئے لازمی ہے ۔ وزیر موصوف سرینگر ، بڈگام اور گاندر بل ضلعوں سے تعلق رکھنے والے ریونیو افسروں کی ایک کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ کانفرنس میں فائنانشل کمشنر مال لوکیش جھا ، ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان ، سیٹلمنٹ کمشنر شاہد عنائت اللہ ، ضلع ترقیاتی کمشنر سید عابد رشید شاہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مال محکمے کو عوام دوست اور جوابدہ بنانے کیلئے کئی اقدامات کر رہی ہے ۔ وزیر نے کہا کہ لوگوں کی خدمت کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ لوگوں کی شکایات کے نمٹارے کیلئے ضلع سطح پر ٹول فری نمبرات قایم کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے محکمے کے کام کاج میں مزید شفافیت آئے گی اور لوگوں کو جاری کئے جانے والے دستاویزات اور اسناد کے عمل میں بھی آسانی پیدا ہو گی ۔ وزیر مال نے کہا کہ جو ریونیو اہلکار محکمے کو بدنام کر رہے ہیں ان کے خلاف کاروائی کر کے انہیں اہم عہدوں سے ہٹایا جائے گا ۔ وزیر نے کہا کہ حکومت نمبر داروں اور چوکیداروں کو مزید فعال بنانے کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مال محکمہ کے اہلکار مختلف سکیموں کی عمل آوری میں ایک اہم رول ادا کرتے ہیں ۔ ویری نے تحصیل سطح پر جمع بندی وقت پر مکمل کرنے کی ہدایات دیں ۔اس موقعہ پر محکمہ کے سینئر افسروں نے اپنے اپنے تجربات سامنے رکھے ۔