جن دھن کھاتے داروں کیلئے راحت پیکیج کا اعلان

 جموں//ملک بھر میں کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر جموں وکشمیر بینک نے عوام کو راحت پہنچانے کی غرض سے کئی اقدام اُٹھائے ہیں جنہیں  بنیادی برانچ سطحوں پر عملانے کیلئے ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔ ان ہدایات کے مطابق اگلے تین مہینوں کے دوران تمام خواتین جن دھن کھاتہ داروں کو ماہوار پانچ سو روپے دیئے جائیں گے جس سے جموں و کشمیر یونین ٹریٹری میں غریب خواتین کی ایک بڑی تعداد مستفید ہوگی۔ اس ماہوار مالی امداد کے علاوہ تمام جن دھن اکاؤنٹ ہولڈر اپنے کھاتوں میں دس ہزار روپے کا اُور ڈرافٹ لے سکتے ہیں جس کی خاص بات یہ ہے کہ دو ہزار روپے تک کی اُور ڈرافٹ سہولیت کیلئے کسی دستاویز کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر یونین ٹریٹری میں 22لاکھ جن دھن اکاؤنٹ ہولڈر ہیں، جن میں 16لاکھ51ہزار اکاؤنٹ جموں و کشمیر بینک کے پاس ہیں۔ ایک اور مثبت قدم کے طور جموں و کشمیر بینک نے اپنے قرضداروں کو فوری راحت پہنچانے کی غرض سے اپنے کھاتے داروں کی ورکنگ کپیٹل حد دس فیصد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جسکے کیلئے خواہش مند گاہکوں کو اپنے بینک شاخوں سے رابطہ کرنا ہوگا۔ یہ اقدامات مرکزی سرکار کے اُس فیصلے کے تحت اٹھائے جا رہے ہیں جس میں  غریب عوام کو مالی راحت پہنچانے کے غرض سے مرکزی وزیر خزانہ نر ملا سیتا رمن نے چند دنوں پہلے 1.7لاکھ کروڑ روپے کی غریب کلیان پیکیج کا اعلان کیا ۔  جموں و کشمیر بینک نے اس سے قبل تمام مدتی قرضوں (ٹرم لونز) پر تین مہینوں کیلئے قسطوں کو موخر کرنے کا فیصلہ بھی لیا ہے اور0.75فی صد پوائنٹ شرح قرضوں میں چھوٹ کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ یو ٹی انتظامیہ کے اس بر وقت  اقدام سے اُن لاکھوں غریب لوگوں کو فائدہ پہنچے گا جنہوں نے بینکوں میں جن دھن اکاؤنٹ کھول رکھے ہیں اور جنکے ذرائع آمدن بہت قلیل ہیں۔ ان باتوں کا اظہار کرتے ہوئے  جموں و کشمیر بینک کے چیئرمین و منیجنگ دائریکٹر راجیش کمار چھبر نے کہا کہ اس پیکیج سے جموں و کشمیر بینک کے تقریباً سولہ لاکھ 51 ہزار اکاؤنٹ ہولڈ ر اُور ڈرافٹ سہولیت سے مستفید ہونگے اور سات لاکھ84ہزار خواتین کھاتے دار اگلے تین مہینوں تک ماہانہ پانچ سو روپے کے معاوضے سے مستفید ہونگے۔  اس یوجنا سے جموں و کشمیر یونین ٹریٹری میں 117.66کروڑ روپے کی رقم اگلے تین مہینوں کے دوران یہاں کی غریب عوام تک  پہنچے گی۔ چیئرمین نے کہا کہ ہم نے اس یوجنا پر عمل در آمد کیلئے بینک کے متعلقہ شعبے کو ہدایات دے رکھی ہیں۔