جنگلوں میں زبردست آگ | کیلیفورنیا میں ہنگامی حالت کا اعلان

واشنگٹن//کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزوم نے ماریپوسا کاؤنٹی میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے جب یوسمائٹ نیشنل پارک کے علاقے میں زبردست آگ لگنے سے ہزاروں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے ۔گورنر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیاکہ “گورنر گیون نیوزوم نے آج ماریپوسا کاؤنٹی میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا۔’’ گورنر نے یہ فیصلہ بلوط کے جنگلوں میں لگنے والی خوفناک آگ کی وجہ سے جھلسے ہوئے مکانات اور دیگر تعمیر شدہ ڈھانچوں کے سامنے لاحق بڑے خطرے اور علاقے سے تین ہزار سے زائد لوگوں کے جبری انخلاء کے بعد کیا ہے ۔بیان کے مطابق بلوط کے جنگلوں میں لگنے والی آگ نے 11 ہزار 500 ایکڑ سے زائد رقبہ کو جلا دیا ہے ۔ ماریپوسا کاؤنٹی کے مڈپائنز قصبے کے قریب جمعہ کی سہ پہر سے پھیلنے والی آگ نے تیزی سے ایک بڑے علاقے کو اپنی زد میں لے لیا۔کیلیفورنیا کے محکمہ جنگلات اور فائر کنٹرول کی جانب سے دی گئی تازہ ترین اطلاع کے مطابق بلوط کے جنگل میں لگنے والی آگ نے 11,900 ایکڑ رقبہ کو تباہ کر دیا ہے اور آگ لگنے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بڑے پیمانے پر آگ لگنے سے مقامی کاروباری مراکز اور گھروں میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے اندھیرا چھایا ہوا ہے ۔