جنگلات کی حفاظت ہر شہری کا فرض:ڈاکٹر فاروق

 سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عوام سے تلقین کی کہ وہ ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کیلئے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ اُنہوں نے سکولوں ، کالجوں ، یونیورسٹی ، مساجد کے صحنوں اور عام شاہراہوں کے اردگرد پودے نصب کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں دیہات میں رہنے والوں لوگوں سے تاکید کی ،کہ وہ شجرکاری کی جاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیکر زیادہ سے زیادہ پودے اپنے گردو نواح میںلگائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جنگلات کی حفاظت اور سبز سونے کی دولت کو بڑھاوا دینے کی طرف توجہ دینا ہر شہری کا فرض ہے۔ انہوں نے کہاکہ نامساعد حالات کے دوران جنگلات کو خاصا نقصان پہنچایا گیا ہے اور اب جنگلات کے ساتھ ساتھ آبی ذخائر بھی سکڑتے جارہے ہیں اور غیر معمولی تبدیلی کے بُرے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔