جنگجو مخالف آپریشن جاری رہیں گے

سرینگر // 15 ویں کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے کہا کہ سرحدوں پرکچھ در اندازی واقعات چھو ڑ کرسب کچھ قابو میںہے ۔  سر ینگر میں ایک تقریب کے حاشیہ پر میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے جنرل پانڈے نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر صورتحال بالکل قابو میں ہے اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد کافی حد تک امن قائم ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس میںکوئی شک نہیںہے کہ کچھ ایک دراندازی کے واقعات پیش آئے ہیں تاہم ان کو بھی ناکام بنایا گیا اور اس میں فوج کو بھی کافی نقصان اٹھاناپڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ کسی بھی صورتحال کو لائن آف کنٹرول پر ناکام بنانے کیلئے فوج چوکس ہے اور سرحد کے اُس پار سے ہونے والی کوششیں اب کامیاب نہیںہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی شخص اب بندوق اٹھا ئے گا اس کوخمیاز ہ اٹھانا ہوگا کیونکہ بندوق صرف ان ہاتھوں میںہونی چاہیے جو جموں کشمیر اور ملک کی دیگر ریاستوں میں حفاظت پر مامور ہیں۔انکا کہنا تھا کہ اس کے بغیر جس کسی کے ہاتھ میںبندوق نظرآئے گی، اس کو بخشا نہیںجائے گا ۔ پانڈے نے کہا کہ فوج جموں کشمیر خاص طور پر وادی میں جنگجوئوں کے خلاف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے اور زمینی سطح پر اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں تاہم آخری جنگجو کے خاتمہ تک جنگجو مخالف آپریشن جاری رہیں گے ۔