جنگجوئوں کا سرنڈر

  کوکر ناگ //وکٹر فورس کے جنرل آفیسر کمانڈنگ بی ایس راجو نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں جنگجوئوں کے سرنڈر سے فوج کا حوصلہ بلند ہوچکا ہے ،جس سے جنگجوئوں کی بھرتی پر خاصا اثر پڑ گیاہے۔کوکرناگ فیسٹول کی تقریب کے حاشے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے جی او سی نے کہا کہ فوج ملی ٹینسی یا اس سے جڑے کسی بھی معاملے سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملی ٹینسی سے جڑے نوجوان نسل اور دوسرے نوجوانوں کو اپنی طرف راغب کرنے کیلئے فوج نے ایسے فیسٹول کا  انعقاد عمل میں لایا ہے اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ بھی ایسے پروگراموں میںحصہ لیں تاکہ وادی میں صورتحال بہتر ہو۔جی او سی نے کہا کہ فوج ایسے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی تاکہ عوام اور فوج کے درمیان ایک دوستانہ ماحول پیدا ہو اور وادی کشمیر میں لوگ پھر سے امن کے ساتھ جی سکیں۔جشن برنگ کرناگ میں مختلف اسکولوں کے طلبہ نے رنگا رنگ تمدنی اور ثقافتی پروگرام پیش کئے ۔ اس موقعہ پر کشمیری فنکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔بعد میں فیسٹول میں شرکت کرنے والے فنکاروں اورطلبہ میں جی او سی نے انعامات تقسیم کئے  جبکہ فوج کی جانب سے معذور افراد میں ویل چئیر بھی تقسیم کی گئیں۔فیسٹویل میں ایک میڈکل کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیاجہاں مریضوں میں مفت ادویات تقسیم کی گئیں ۔