سرینگر/پولیس نے جمعہ کو کہا کہ شمالی کشمیر کے حاجن علاقے میں ایک معرکہ آرائی کے دوران جو دو جنگجو جاں بحق ہوگئے اُن کا تعلق پاکستان سے تھا۔
پولیس نے ایک بیان میں دونو ں کی شناخت علی اور حبیب کے طور کی۔
پولیس بیان کے مطابق بانڈی پورہ ضلع کے حاجن علاقے میں جو فورسز آپریشن گذشتہ روز سے جاری تھا اُس میں جنگجو ئوں نے دو شہریوں کو یرغمال بنا کر رکھا تھا تاہم ساٹھ سالہ عبد الحمید کو فورسز نے بحفاظت نکالا مگر کمسن عاطف کو جنگجوئوں نے باہر نہیں جانے دیا۔
پولیس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مذکورہ جنگجوئوں نے ہی عاطف کو گولی مار کر جاں بحق کردیا۔
ذرائع کے مطابق بارہ سالہ عاطف کی لاش بھی جاں بحق جنگجوئوں کے ساتھ ہی اُس مکان کے ملبے سے بر آمد کی گئی جس کو فورسز نے معرکہ آرائی کے دوران زمین بوس کردیا۔
ایک عورت کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں مذکورہ خاتون کو جنگجوئوں سے کمسن عاطف کو چھوڑنے کی منت کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ حاجن کے میر محلہ میں گذشتہ روز فورسز آپریشن شروع کیا گیا تھا۔