جنگجوئت عام کرنے میں ایجنسیوں کا ہاتھ:این سی ممبر اسمبلی

 پونچھ// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ممبراسمبلی مینڈھر (پونچھ) جاوید احمد رانا نے کہا ہے کہ وادی کشمیر میں جنگجوئت کو عام کرنے اور لاءاینڈ آڈر کو خراب کرنے میں ملک کی ایجنسیوں کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آنے پر وہ اُن ایجنسیوں کا نام بھی منکشف کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں پتھرباز وزیر اعظم نریندر مودی اور اُن کی پارٹی کی پیداوار ہیں۔ جاوید رانا جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں سے بات کررہے تھے۔ انہوں نے کہا ’میں دیش کے وزیر اعظم سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ کشمیر میں پتھر باز آپ اور آپ کے لوگوں کی ہی پیداوار ہیں۔ ہمارا ان سے (پتھربازوں سے) کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ اسامہ بن لادن کو افغانستان کس نے بھیجا تھا؟ امریکہ نے ہی بھیجا تھا نا۔ وہ امریکہ کا دوست تھا۔ بعد میں امریکہ کو اس سے پریشانی ہوئی۔ اسی طرح جموں وکشمیر میں ملی ٹنسی پیدا کرنے اور یہاں لاءاینڈ آڈر خراب کرنے میں ملک کی ایجنسیوں کا ہاتھ ہے۔ وہ کونسی ایجنسیاں ہیں، وقت آنے پر ہم بتادیں گے‘۔ این سی ایم ایل اے نے الزام لگایا کہ ملک کے دو ٹکڑے اورگاندھی کو قتل کروانے والے اس وقت اقتدار کی مسند پر بیٹھے ہوئے ہیں۔( یو اےن آئی)