سری نگر// جنوبی کشمیر میں ضلع کولگام کے نپورہ گاﺅںمیں ہفتہ کی صبح چھڑنے والے ایک مسلح تصادم میں دو جنگجو جاں بحق ہو گئے۔
یہ جنوبی کشمیر میں رواں ہفتے چلایا جانے والا چوتھا جنگجو مخالف آپریشن تھا ۔ قبل ازیں 7، 8 اور 10 جون کو بالترتیب ضلع شوپیان کے ربن، پنجورہ اور سگھو ہندہامہ نامی علاقوں میں 14 جنگجو مارے گئے تھے۔
جموں کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کولگام کے نپورہ میں ہفتہ کی علی الصبح چھڑنے والے مسلح تصادم میں دو جنگجو جاں بحق ہوگئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک جنگجوﺅں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے نیز آپریشن جاری ہے۔
سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے ترجمان نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے نپورہ کولگام میں آج علی الصبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ طرفین کے درمیان چھڑنے والے مسلح تصادم میں دو جنگجو مارے گئے جن کے قبضے سے دو پستول اور تین گرینیڈ بر آمد کئے گئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کولگام پولیس پولیس، فوج کی 19 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے نپورہ میں تلاشی آپریشن میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کی ایک پارٹی مشتبہ جگہ کے نزدیک پہنچی تو وہاں موجود جنگجوﺅں نے اس پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا۔
دریں اثنا ضلع کولگام میں مسلح تصادم کے پیش نظر موبائل انٹرنیٹ خدمات منقطع کردی گئی ہیں۔ نیز ضلع تمام حساس جگہوں پر سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات رکھی گئی ہے۔