سرینگر//ضلع کولگام اور اننت ناگ سے متعدد سیاسی کارکنان نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ پارٹی دفتر لال چوک میں منعقدہ پروگرام کے دوران پی ڈی پی زونل صدر ڈورو بشیر احمد براگامی، شانگس حلقہ سے سماجی کارکن اور وکیل فیضان احمد حاجی،سابقہ کانگریس بلاک صدر کوکرناگ حاجی علی محمد کے علاوہ نور آباد سے بی ڈی سی چیئرمین محمد شریف بٹ نے اپنے کئی حمایتیوں سمیت پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری، سینئر نائب صدر غلام حسن میر، نائب صدر ظفر اقبال منہاس، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، ضلع صدر اننت ناگ عبدالرحیم راتھر، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، پارٹی لیڈرا ن منتظر محی الدین اور عرفان نقیب نے اُن کاخیرمقدم کیا۔ پارٹی کے سینئرلیڈرا ن محمد دلاور میر اور عبدالمجید پڈر بھی اِس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر الطاف بخاری نے کہا ’’اپنی پارٹی کے سامنے یہ چیلنج ہے کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو موجودہ غیر یقینی ماحول سے باہر نکالنے میں کیسے مدد کی جائے لیکن ہم لوگوں کی خدمت کے وعدہ بند ہیں اور کیسے بھی حالات ہوں ، ہم لوگوں کے لئے ہمیشہ دستیاب رہیں گے‘‘۔ پارٹی صدر نے کہاکہ نئے شامل ہونے والوں کے لئے پہلا اور اہم پیغام یہی ہے کہ وہ لوگوں تک پہنچیں اور اُن کے مسائل کو حل کرنے میں سہولت کار بنیں۔ دریں اثناء ویسو قاضی گنڈ سے کشمیری پنڈت برادری کے ایک وفد نے الطاف بخاری سے ملاقات کی اور انہیں درپیش مشکلات خاص طور سے ایس آراو425کی عمل آوری میں تاخیر کے بارے میںبتایا۔بخاری نے وفد کو پارٹی کی طرف سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سربراہی والی حکومت پرزور دیا ہے کہ اقلیتی طبقہ جات کے دیرینہ مطالبات حل کئے جائیں ۔