جنوبی کشمیر کے پلوامہ میں حادثاتی گرینیڈ دھماکہ،2بچے زخمی

سرینگر/جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں جمعہ کو اُس وقت دو بچے زخمی ہوگئے جب ایک گرینیڈ، جس کے ساتھ وہ کھیل رہے تھے، اچانک پھٹ پڑا۔

یہ واقعہ پلوامہ کے روہامہ علاقے میں پیش آیا جہاں 13سالہ شرافت بشیر اور جنید بلال ایک گرینیڈ کے ساتھ کھیل رہے تھے جو اچانک زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔

زخمی شرافت اور جنید کو پی ایچ سی روہامہ لیجایا گیا جہاں سے دونوں کو ضلع اسپتال پلوامہ منتقل کیا گیا۔

پی ایچ سی روہامہ میں تعینات ایک ڈاکٹر نے خبر رساں ایجنسی جی این ایس کو بتایا کہ جنید کی حالت نازک بنی ہوئی تھی جس کے سر میں گہرے زخم تھے۔

اطلاعات کے مطابق مذکورہ بچوں نے یہ گرینیڈ جائے مقام سے پانچ کلو میٹر دور،دربگام میں معرکہ آرائی کی جگہ سے حاصل کیا تھا اور کھلونا سمجھ کر وہ اس سے کھیل رہے تھے جب یہ پھٹ پڑا۔