جنوبی کشمیر میں ہلکی بارش، زوجیلا میں برفباری ۔ 9سے10اکتوبر کے دوران بارش یا برفباری کا امکان

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//پیر کی صبح وادی کشمیر کے کچھ حصوں میں بارش ہوئی اور زوجیلا درہ سمیت اونچی جگہوں پر تازہ لیکن ہلکی برفباری ہوئیمحکمہ موسمیات نے کہا کہ اسٹریٹجک سرینگر-لداخ شاہراہ پر زوجیلا پاس میں تازہ برف باری ہوئی جبکہ بانڈی پورہ، گاندربل سمیت جنوبی کشمیر کے کچھ حصوں میں بارش ہوئی ۔محکمہ کا کہنا ہے کہ وادی کے جنوبی، شمالی اور وسطی حصوں کے کئی مقامات پر بارش ہوئی جبکہ جموں ڈویژن کے ڈوڈہ کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی ۔ زوجیلا کے آس پاس صبح کے وقت ہلکی برفباری ہوئی تاہم بعد میں اس میں ٹھہرائو آگیا۔قاضی گنڈ اور پہلگام میں بارش ہوئی۔دوپہر تک وادی کے کئی علاقوں میں موسم جزوی طورابر آلود رہا لیکن بعد میں دھوپ نکل آئی۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ جموں اور کشمیر کے دونوں خطوں میں 3 سے 8 اکتوبر تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 9-10 اکتوبر کے دوران 60-70 فیصد امکان کے ساتھ بکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی سے اعتدال پسند بارش یا برفباری کا امکان ہے۔اس نے کسانوں کو یہ بھی مشورہ دیا کہ اس مدت کے دوران فصل کی کٹائی اور بیرونی سرگرمیوں کے لیے موسم سازگار رہے گا۔ قاضی گنڈ میں 4.6 ملی میٹر بارش ہوئی، جب کہ پہلگام میں9.1 ملی میٹر بارش ہوئی۔