جنوبی کشمیر میں پولیس گاڑی کو حادثہ،2قیدیوں سمیت8زخمی

سرینگر/جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں منگل کو اُس وقت 6 پولیس اہلکار اور 2 قیدی زخمی ہوگئے جب اُنہیں لیجارہی پولیس گاڑی حادثے کا شکار ہوکر لڑھک گئی۔

یہ حادثہ مٹن کے کہربل علاقے میں پیش آیا۔

خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل اننت ناگ میں مقید 2 قیدیوں کو پولیس پارٹی کولگام عدالت میں پیش کرنے لیجارہی تھی جب اُن کی گاڑی مٹن کہر بل میںلڑھک گئی۔

 اس حادثے میںدو قیدیوں کے ساتھ ساتھ چھ پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔

بلاک میڈیکل آفیسر مٹن ڈاکٹر محمد اشرف پڈر کے مطابق اُن کے پاس آٹھ زخمیوں کو لایا گیا جن میں چھ پولیس اہلکار اور دو قیدی شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ قیدی توصیف احمد ساکنہ ٹنگڈنو کولگام اور راسخ احمد ساکنہ سوچھ کولگام کو ضلع اسپتال اننت ناگ منتقل کیا گیا۔

زخمی پولیس اہلکاروں کی شناخت غلام محی الدین،مشتاق احمد (پولیس سٹیشن یاری پورہ)،فاروق احمد(پویس سٹیشن کولگام)،محمد شفیق (پولیس لائینز کولگام)،فاروق احمد(پولیس سٹیشن قاضی گنڈ) اور مسعود احمد(پولیس لائینز کولگام) کے طور ہوئی ہے۔

سٹیشن ہائوس آفیسر مٹن نے اس حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے جی این ایس کو بتایا کہ سبھی زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیم دو قیدیوں کو کولگام کی ایک عدالت میں پیش کرنے کیلئے لیجارہی تھی جب یہ حادثہ پیش آیا۔