اننت ناگ+شوپیان+ترال+بانڈی پورہ // زڈورہ نپورہ میر بازار قاضی گنڈ میں مسلح جھڑپ کے دوران جون کے مہینے میں ہی ہتھیار اٹھانے والے 2جنگجو جاں بحق ہوئے جبکہ ترال اور شوپیان میں دو مقامات پر جنگجو فائرنگ کے تبادلے کے بعد فرار ہوئے۔ ادھر بانڈی پورہ میں ایک طاقتور بارودی سرنگ ناکار بنا کر ایک بہت بڑے حادثے کو ٹالا گیا۔
اننت ناگ
پولیس کے مطابق 19آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کو جنگجوئوں کے بارے میں مصدق طور پر اطلاع ملی جس کے بعد زڈورہ نپورہ نامی گائوں میں آپریشن کیا گیا۔ اس دوران گائوں میں موجود دو جنگجوئوں نے فرار ہونے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں مختصر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دونوں جنگجو جاں بحق ہوئے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ جاں بحق جنگجوئوں میں عمر احمد بٹ ساکن رام پورہ کولگام اور ندیم احمد بٹ ساکن لڈگو دہپورہ کولگام شامل ہیں ۔ عمر کے بارے میں لوگوں نے بتایا کہ وہ محض 3روز قبل 10جون کو جنگجوئوں کی صف میں شامل ہوا تھا جبکہ ندیم نے 31مئی یعنی 13روز قبل ہتھیار اٹھائے تھے۔ انکی تحویل سے دو پستول اور 3گرینیڈ بر آمد کرنیکا دعویٰ کیا گیا ہے۔ تاہم پولیس کی طرف سے موصولہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کولگام پولیس نے نیپورہ کولگام علاقے میں جنگجوئوںنے سیکورٹی فورسز پر گولیاں چلائیں اور اس طرح طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی ۔ جھڑپ میںدو جنگجو ہلاک ہوئے۔ جھڑپ کی جگہ2 جنگجوئوں کی نعشیں برآمد ہوئی۔ تاہم ہلاک ہونے والے جنگجوئوں کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں معلومات کی چھان بین کی جا رہی ہے ۔سرینگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے ترجمان نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے نپورہ کولگام میں آج علی الصبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ طرفین کے درمیان چھڑنے والے مسلح تصادم میں دو جنگجو مارے گئے جن کے قبضے سے دو پستول اور تین گرینیڈ بر آمد کئے گئے۔
شوپیان
ملہ ڈیرہ شوپیان میں سنیچر کی صبح 44آر آر، 178سی آر پی ایف اور پولیس آپریشن گروپ نے جنگجوئوں کی موجودگی کی مصدقہ طور پر اطلاع موصول ہونے کے بعد محاصرہ کیا اور گائوں کے ارد گرد گھیرا تنگ کیا۔ لوگوں نے بتایا کہ اس دوران میو باغات کے ایک وسیع رقبہ میں موجود جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا۔ جنگجو فائرنگ کی آڑ میں ہی فرار ہوئے تاہم فورسز بعد میں کئی گھنٹوں تک میوہ باغات کو کھنگالتے رہے لیکن انکے ہاتھ کچھ نہیں لگا۔دوپہر کو بعد میں محاصرہ اٹھایا گیا۔ قبل ازیں 7، 8 اور 10جون کو بالترتیب ضلع شوپیان کے ربن، پنجورہ اور سگھو ہندہامہ نامی دیہات میں 14 جنگجو مارے گئے ۔
ترال
ترال سے5کلو میٹر دور نودل سڑک کے قریب واقعہ گلاب باغ گائوں کو جنگجوئوں کی موجود گی کی اطلاع ملنے پر 42آر آر،180بٹالین سی آر پی ایف اورایس او جی ترال نے سنیچر کے صبح گھیرے میں لیا۔صبح تقریباً5بجے کے قریب گائوں میں گولیاں چلنے کے آوازیں سنائی دیں۔ ایس ایس پی اونتی پورہ طاہر سلیم خان نے بتایا تلاشی کارروائی جاری ہے۔فورسز نے گولیاں چلنے کے بعد مزید کمک گائوں میں طلب کر کے نصف درجن دیہات کو محاصرے میں لیا اور گھر گھر تلاشی کارروائیاں کیں لیکن کوئی قابل اعتراض چیز برآمد نہیںہوئی ہے ۔بعد میں محاصرہ ختم کیا گیا ۔
بانڈی پورہ
بانڈی پورہ میں ہفتہ کی صبح سیکورٹی فورسز نے بانڈ ی پورہ سرینگر شاہراہ پر گامرو لاؤ ڈارہ کراسنگ کے قریب نصب ایک آئی ای ڈی ناکارہ بنانے کا دعویٰ کیا۔پولیس ترجمان کے مطابق سڑک پر گشت پر مامور سی آر پی ایف نے ایک گیس سلنڈر میں نصب بارودی مواد پایا۔ متذکورہ علاقے کو مشترکہ طور پر فورسز نے فوری طور پر سربمہر کر کے ٹریفک کی نقل و حرکت روک دی۔بم ناکارہ بنانے والی پولیس ٹیم کو طلب کیا گیا جس نے بارودی سرنگ ناکارہ بنائی۔ دھماکہ خیز مادہ کو اس علاقے سے گزرنے والے حفاظتی دستوں کے قافلے کو نشانہ بنانا مطلوب تھا۔ تھانہ پولیس بانڈی پورہ نے اس سلسلے میں کیس زیر ایف آر نمبر61/2020 متعلقہ دفعات کے تحت درج کرکے اس سلسلے میں مزید تحقیقات شروع کردی۔