جنوبی کشمیر میں دوالگ الگ شبانہ جھڑپیں، 4 جنگجو جاں بحق: پولیس

سری نگر//پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور کولگام اضلاع میں دو شبانہ مسلح جھڑپوں کے دوران چار جنگجو مارے گئے ہیں۔
یہ مسلح جھڑپیں ضلع پلوامہ کے پوچھل اور ضلع کولگام کے زڈورا گاوںمیں پیش آئیں۔
جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع کولگام کے زڈورا میں ہونے والی مسلح جھڑپ کے دوران لشکر طیبہ سے وابستہ دو جنگجو مارے گئے ۔
انہوں نے بتایا کہ اس جنگجو مخالف آپریشن میں کولگام پولیس اور فوج کی ایک آر آر نے حصہ لیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایسی ہی ایک اورجھڑپ ضلع پلوامہ کے پوچھل میں رونما ہوئی جس میں دو جنگجو مارے گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مارے گئے جنگجوﺅں کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے۔
اس دوران کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل پولیس وجے کمار نے کہا کہ وادی میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران پانچ جنگجو مارے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا”پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز ان کارروائیوں کے لئے مبارکبادی کے مستحق ہیں کیوں کہ ان کے دوران ہمارا یا عوام کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا“۔
یاد رہے کہ پولیس نے بدھ کو بتایا کہ اس نے معراج الدین حلوائی عرف عبید نامی حزب المجاہدین کے اعلیٰ کمانڈر کو جاں بحق کیا ہے۔