جنوبی کشمیر عسکریت میں سب سے زیادہ سرگر م: جون کے مہینے میں16نوجوانوں نے ہتھیار اُٹھائے

 
پلوامہ//جنوبی کشمیر میں جون کے مہینے میں 14نوجوانوںنے جنگجوئوں کے صف میں شمولیت اختیار کر کے اسلحہ اٹھا نے کو ترجیح دی۔ جن میں کچھ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان بھی شامل ہیں ۔جو رواں سال کے دوران سب سے بڑی تعداد مانی جاتی ہے۔جنوبی کشمیر کے پلوامہ ،شوپیان ،اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں صرف ماہ جون میں 27دنوں کے دوران 16نوجوانوں نے اسلحہ اٹھا یا۔ جن میں سب سے زیادہ تعداد پلوامہ ضلع سے ہے۔دستیاب اعدادو شمار کے مطابق پلوامہ میں سب سے زیادہ 6 نوجوانوں نے ہتھیار اٹھائے۔اننت ناگ میں 3،شوپیان میں3،کولگام میں2اور شمالی کشمیر کے بارہمولہ میں2نوجوان جنگجوئوں کے صف میں شامل ہوئے ، جن میں کچھ اعلی ٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کے علاوہ ایک ڈاکٹر بھی شامل ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق رواں سال کے ابتدائی 5مہینوں کے دوراں وادی کشمیر کے مختلف اضلاع میں کل 45نوجوانوں نے ہتھیار اٹھائے۔ جون کے 27دنوں کے دوران 23جنگجو وادی کے مختلف علاقوں میں جاں بحق ہوئے۔اس مدت کے دوران جنوبی کشمیر میںاسلحہ چھیننے واقعات بھی رونما ہوئے۔ چند روز قبل حزب آپریشنل کمانڈ ریاض نائیکو کا ایک آڈیو منظر عام  پرآیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ نوجوان کی ایک بڑی تعداد جنگجوئوں کے صف میں شامل ہونے کے لئے تیارہے لیکن وہ پرانی غلطیاں دہرانا نہیں چاہتے۔دوسری جانب فوج کا ماننا ہے آپریشن آل اوٹ کامیاب رہا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ جنگجوئوں کی تعداد میں اضافہ یقیناً تشویشناک بات ہے لیکن جنگجوئوں پر فورسز کا دبائو جاری رہے گا جس سے ابتک اچھے نتائج نکلیں ہیں۔فوج نے چند روز پہلے کہا تھا کہ وادی میں 275جنگجو سرگرم ہیں جنہیں کچھ ماہ کے اندر ہلاک کیا جائیگا۔ فوج نے یہ بھی کہا ہے کہ پہلے انکی توجہ جنگجو کمانڈروں پر مرکوز ہے اور انہیں ہلاک کرنے کے بعد دیگر جنگجوئوں کیخلاف بھی آپریشن شروع کئے جائیں گے۔
 

بجبہاڑہ میں2نوجوان گرفتار

اسلحہ بر آمدگی کا دعویٰ

عارف بلوچ
 
اننت ناگ//اننت ناگ پولیس نے دو بالائی ورکروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ پولیس کے مطابق فسٹ آر آر و پولیس نے پازال پورہ اُرن ہال بجبہاڑہ کے نزدیک ناکہ کے دوران جنید الاسلام ڈار ولد غلام نبی ڈار ساکن چرسو اُونتی پورہ اور ہلال احمد گنائی ولد محمد عبد اللہ گنائی ساکن لارکی پورہ اُونتی پورہ کو مشکوک حالت میں پایا اور دوران تلاشی مذکورہ افراد کی تحویل سے ایک گرینیڈ ،ایک چینی ساخت کی پستول،5گولیاں اور دو بوتل سوڈیم نیٹریم بر آمد کئے گئے۔پولیس کے مطابق دونوں نوجوان جنگجوئوں کے لئے کام کرتے ہیں ۔اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بجہباڑہ میں کیس زیر نمبر112/18 U/S 7/25اسلحہ ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے ۔