یو این آئی
جوہانسبرگ//دہلی کیپٹلس، چنئی سپر کنگز، ممبئی انڈینس، راجستھان رائلز کے علاوہ کیون پیٹرسن کی ملکیت والے گروپ نے جنوبی افریقہ کے نئے ٹی20 مقابلے میں فرنچائزی خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔اگلے سال جنوری میں شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی، جودوبار ہر ٹیم کامقابلہ کرے گی۔ 30 لیگ میچز کے بعد پلے آف میچز کھیلے جائیں گے ۔2017 کی گلوبل لیگ ٹی20 اور 2018 و2019 میں کھیلی مزانسی سپرلیگ کے بعد ٹی20 مقابلے شروع کرنے کا یہ کرکٹ ساوتھ افریقہ (سی ایس اے ) کی تیسری کوشش ہے ۔ سی ایس اے کے ممبران کی ایک خصوصی میٹنگ میں شیئر کئے گئے دستاویز کے مطابق، سی ایس اے آئی پی ایل کے بعد ‘‘دنیا کی دوسری سب سے بہترین ٹی20 لیگ’’ بنانے کا ہدف لے کر چل رہا ہے ۔ انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ صرف آئی پی ایل کو عالمی سطح پر کامیابی حاصل ہوئی ہے اور آئی پی ایل و دیگر لیگزمیں زمین آسمان کافرق ہے ۔اس نئی لیگ کو کامیاب بنانے کے لیے ، انہوں نے آئی پی ایل کے سابق چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) سندر رمن کو اپنے ساتھ شامل کیا ہے ۔ رمن نے اس ٹورنامنٹ میں اقلیتی حصہ حاصل کیا ہے ۔ دستاویز کے مطابق، رمن کے پاس 12.5 فیصد حصہ داری ہے ۔ بورڈ کے پاس 57.5 فیصد حصص ہوگا جبکہ براڈکاسٹر سپر اسپورٹ بقیہ 30 فیصد کاحصہ دارہوگا۔