یو این آئی
نئی دہلی//بھارتیہ کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے جمعہ کو اعلان کیا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی۔ 20 انٹرنیشنل سیریز دہلی میں شروع ہوگی۔ باقی چار میچ کٹک، وشاکھاپٹنم، راجکوٹ اور بنگلور میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا اختتام 19 جون کو فائنل میچ کے ساتھ ہوگا۔یہ سیریز 29 مئی کو کھیلے جانے والے آئی پی ایل 2022 کے فائنل میچ کے 10 دن بعد شروع ہوگی۔ یہ پانچ میچ نومبر میں آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے نقطہ نظر سے بہت اہم ہوں گے۔جنوبی افریقہ نے مارچ 2020 میں تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ تاہم پہلا میچ بارش کے باعث منسوخ ہونے کے بعد کورونا وبا کے باعث سیریز ملتوی کر دی گئی تھی۔ان دونوں ٹیموں نے آخری بار ستمبر 2019 میں ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کھیلی تھی۔ پچھلے سال ہندوستان نے تین ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچوں کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا۔ سنچورین میں پہلا ٹیسٹ جیتنے کے باوجود ہندوستان کو دونوں سیریز میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔زخمی دیپک چاہر کے علاوہ ہندوستانی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ٹیم کے تمام کھلاڑی آئی پی ایل میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بہت سے جنوبی افریقی سپر اسٹارز بھی آئی پی ایل کھیل رہے ہیں جیسے کوئنٹن ڈی کاک، ایڈن مارکرم، ڈیوڈ ملر، ڈوین پریٹوریس، کاگیسو ربادا، ریسی وان ڈیر ڈوسن، لونگی اینگیڈی، اینریک نورٹجے۔