جنرل راوت کے بیان کے خلاف مظفرآباد میں احتجاج

 مظفرآباد//مظفرآباد میں بھارت کے فوجی سربراہ جنرل بپن راوت کے بیان کے خلا ف عوام نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں بھاری تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی۔مظاہرین نے جنرل راوت کا پتلا بھی نذر آتش کردیا۔پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمدغزالی، وائس چیئرمین انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس مشتاق الاسلام، پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، جماعت اسلامی کے قاضی شاہد حمید، مولانا عتیق احمد دانش سمیت کئی قائدین نے خطاب کیا۔ مظاہرین نے بھارتی آرمی چیف کے پاکستان مخالف دھمکی آمیز بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ جنرل راوت کی دھمکی کا سنجیدہ نوٹس لیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام استصواب رائے کا حق چاہتے ہیں مگر اقوام متحدہ کی قراردادوں کو بھارت نظرانداز کرتے ہوئے عوامی تحریک کو کچل رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا اہم فریق اور کشمیریوں کا وکیل ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت جنوبی ایشیاء میں جنگ کے حالات پیدا کر کے پوری دنیا کا امن تباہ کردینا چاہتا ہے اور بھارت کی ہٹ دھرمی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے ۔