جنترون دھار محکمہ سیاحت کی توجہ کا منتظر | سیول سوسائٹی کاہرہ نے ‘جنترون چلو’ پروگرام کا انعقاد کیا

ڈوڈہ //یوتھ سیول سوسائٹی کاہرہ و چرالہ ڈیولپمنٹ فرنٹ نے جنترون دھار کو سیاحتی نقشہ پر لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹورازم میلہ منعقد کرنے کی مانگ کی۔اس سلسلہ میں سیول سوسائٹی نے نوجوان سماجی کارکن آصف اقبال بٹ کی قیادت میں جنترون چلو کا پروگرام منعقد کیا جس میں مختلف علاقوں سے آئے نوجوانوں کے ساتھ انتظامیہ کی طرف سے ایس ڈی ایم ٹھاٹھری اطہر امین زرگر ،ایس ڈی پی او گندوہ شہزادہ کبیر متو و دیگر آفیسران نے شرکت کی۔ چرالہ سے تقریباً 8 کلومیٹر و کاہرہ کے گاؤں جوڑا کلاں سے صرف تین کلومیٹر کی دوری پر واقع جنترون دھار کا شمار چناب خطہ کی خوبصورت چراگاہوں میں کیا جاتا ہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے آصف اقبال نے کہا کہ جہاں گرمیوں کے ایام میں ایک بہترین ٹورازم میلہ منعقد ہو سکتا ہے وہیں سردیوں کے ایام میں سنو فیسٹیول منایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کو سیاحتی نقشہ پر لانے سے جہاں علاقہ کی ترقی و خوشحالی میں اضافہ ہو گا وہیں مقامی لوگوں کو روزگار بھی مل سکتا ہے۔ایک اور مقامی نوجوان صدام ملک نے کہا کہ جنترون کے ساتھ ساتھ ڈوڈہ ضلع کے کئی ایسے درجنوں خوبصورت و دلکش مقامات محکمہ سیاحت کی نظروں سے اوجھل ہیں۔ ایس ڈی ایم ٹھاٹھری اطہر امین نے اس حوالے سے بتایا کہ جنترون دھار کو سیاحتی زمرے میں شامل کرنے کے لئے انتظامیہ ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں چرالہ سے سڑک پہنچائی گئی ہے وہیں کاہرہ کے جوڑا کلاں سے جنترون تک کا بھی پروجیکٹ بنایا گیا ہے جسے منظوری کے لئے حکام کو بھیجا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنترون کی مزید ترقی کے لئے محکمہ سیاحت کو بھی متحرک کیا گیا ہے۔