جمہوری نظام میں ہی قوموں کی ترقی کا راز مضمر: نیشنل کانفرنس

سرینگر//نیشنل کانفرنس نے کہا کہ کہ جموں و کشمیر میں لوگ اس وقت تباہ کن صورتحال سے گذر رہے ہیںجبکہ غیر یقینیت اور بے چینی نے تینوں خطوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔موصولہ بیان کے مطابق سیاسی اور انتظامی انتشار اور خلفشار سے لوگ گوناگوں مصائب اور مشکلات سے دوچار ہیں۔ بیان کے مطابق پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت صوبائی سیکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر نے کی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ عوامی حکومت کا کوئی بھی متبادل نہیں ہوسکتا اور جمہوری نظام میں ہی لوگوں کی فلاح و بہبود اور قوموں کی ترقی کا راز مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیرمیںلوگ اس وقت مشکل ترین دور سے گزر رہے ہیں ۔  مقررین نے بیرونِ ریاست تمام قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بیرونِ ریاست قید نوجوانوں کے والدین کو اپنے بچوں سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جو افسوسناک ہے۔ مقررین نے کہا کہ بے روزگاری حد سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بے روزگاری جہاں پہلے ہی ریاست جموں وکشمیر کا سب سے بڑا مسئلہ تھا وہیں 5اگست سے آج تک قریباً 5لاکھ افراد کو روزگار سے ہاتھ دھونا پڑا اور ریاست کی معیشت کو اربوں کا نقصان جھیلنا پڑا۔ پارٹی لیڈران نے کہا کہ ایسے وقت میں ہمت اور حوصلے کا مظاہرہ کرنا ہے۔