سرنکوٹ // جموں پونچھ قومی شاہراہ کی سرنکوٹ تا پونچھ خستہ حالت ہے جس کی وجہ سے عوام کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔اس سلسلہ میں عوام نے کئی بار محکمہ گریف کے اعلیٰ افسران کو اپیل کی کہ وہ اس سڑک کی مرمت کریں لیکن محکمہ کے افسران پر عوام کی اپیل کا کوئی اثر نہیں ہوا۔اس دوران اگر کہیں مرمت کا کام کیا بھی گیا ہے تو تعمیرات میں غیر معیاری سامان کے استعمال کی وجہ سے وہ سڑک چند ہی دنوں میں دوبارہ خستہ ہو جاتی ہے۔ مقامی نوجوان اموز احمد خان نے اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس سڑک پرایک ایک فٹ گہرے کھڈے پڑے ہوئے ہیں جن میں بارشوں کاپانی جمع ہو جاتا ہے اور سڑک کو مزید نقصان پہنچتا ہے ۔اخلاق خان نے بتایا کہ کھڈوں میں پانی جمع ہو جانے کی وجہ سے سکولی طلبا کی وردیاں گاڑیوں کی تیز رفتار ی کی وجہ سے برباد ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس سڑک کو اچھے طریقہ سے مرمت نہ کیا گیا تو وہ لوگ احتجاج کریں گے۔