جموں ۔سرینگر شاہراہ پر جگہ جگہ ملبہ کے ڈھیر جمع

رام بن //جموں ۔سرینگر شاہراہ پر جگہ جگہ پڑے ملبے کے ڈھیرپر ضلع انتظامیہ ، تعمیراتی کمپنی اور ٹریفک پولیس نے آنکھیں بند کررکھی ہیں جس کے نتیجہ میں بدترین ٹریفک جام روزانہ کا معمول بن چکاہے ۔مسافروں اور ڈرائیوروںنے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ جگہ جگہ پڑے ملبے کوہٹانے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیاجارہا اور نہ ہی ضلع انتظامیہ دھیان دے رہی ہے تو نہ ہی تعمیراتی ایجنسی اور ٹریفک پولیس کی توجہ اس طرف جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ روز روز کے ٹریفک جام سے وہ بری طرح سے متاثر ہورہے ہیں ۔ان کاکہناہے کہ قومی شاہراہ بانہال سے لیکر رام بن تک کئی جگہوں سے سکڑ سکڑ کر پکڈنڈی بن چکی ہے جہاں سے گاڑیوں کی آزادانہ نقل و حرکت میں مشکلات درپیش ہیں ۔انہوںنے کہاکہ شاہراہ پر سفر کرنا ڈرائیوروں اور مسافروں دونوں کیلئے سوہان روح ثابت ہورہاہے ۔انہوںنے کہاکہ متعلقہ حکام مٹی اور پتھروں کے ملبے کو ہٹانے کی زحمت گوارہ نہیں کررہے اور نہ ہی متعلقہ تعمیراتی ایجنسی کو اس حوالے سے اقدامات کی ہدایت دی جارہی ہے۔مقامی مسافروںکاکہناہے کہ کرول سے کیفیٹریا موڑ ، کیلا موڑ سے بیٹری چشمہ ، خونی نالہ سے رامسو ، رامسو سے گنگرو ، شیربی بی سے امکوٹ بانہال تک صورتحال دیکھ کر ایسا لگتاہے کہ سڑک کی نگرانی کوئی کرہی نہیں رہا اور اس روڈ کو قومی شاہراہ کہنا بھی زیادتی ہے۔ انہوںنے ضلع انتظامیہ اور صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مداخلت کرتے ہوئے تعمیراتی کمپنی کو ملبہ ہٹانے کی ہدایت جاری کریں تاکہ آنے جانے میں آسانی ہو۔