جموں یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کااجلاس منعقد

 جموں//جموں یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل میٹنگ یہاں وائس چانسلر جموںیونیورسٹی پروفیسرآرڈی شرماکی صدارت مین منعقدہوئی جس میں متعدداہم اکیڈمک فیصلے لئے گئے۔اکیڈمک کونسل اجلاس میں جموں یونیورسٹی کے اکیڈمکس اوریونیورسٹی کے آف سائٹ کیمپسز اوراس سے منسلک کالجوں کے معلامات زیربحث لائے گئے۔ممبران نے مسائل سے متعلق تجاویزبھی پیش کیں اوران کے ازالہ کیلئے امیدکااظہارکیا۔اس موقعہ پروائس چانسلرپروفیسرآرڈی شرمانے ممبران سے کہاکہ اکیڈمک کونسل یونیورسٹی کی سب سے فعال اکیڈمک اکائی ہے اس لیے ممبران کی ذمہ داری ہے کہ وہ اکیڈمکس ،ایگزیمی نیشن، الیویلیشن اورریسرچ سرگرمیوں کوبہتربنانے کیلئے کام کریں۔ میٹنگ کے دوران 42 نکات پرمشتمل ایجنڈے کورجسٹرار جموں یونیورسٹی ڈاکٹرمیناکشی کیلم نے پیش کیا۔اس دوران انڈرگریجویٹ پروگرام میں این ڈبلیواے سی امریکن ہائی سکول ڈپلوما کوتسلیم کرنے کافیصلہ لیاگیا۔جنسی ہراسانی سے متعلق حالیہ شکایات کاازالہ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی حالیہ گائیڈلائنس کے مطابق حل کرنے کی ہدایت دی گئی۔امتحانی پرچوں کی چیکنگ میں شفافیت لانے اوراگرطالب علم کوکوئی شبہ ہوتوجوابی پرچہ کے ذریعے اس کے شبہات دورکرنے پرزوردیاگیا۔اکیڈمک کونسل نے بائیوکیمسٹری اورمائیکروبائیولوجی میں ایم فل کورس شروع کرنے کومنظوری دی گئی۔بھدرواہ کیمپس میں پانچ سالہ انٹی گریٹیڈ بی بی اے کورس کوشروع کرنے پراتفاق کیاگیا۔اس دوران میٹنگ میں پروفیسرکیشوشرما ڈین اکیڈمک افیئرس ، پروفیسرجگر محمد ڈین ریسرچ سٹڈیز ، مختلف فیکلٹیوں کے ڈینز ،آف سائٹ کیمپسزکے ڈائریکٹروں ،مختلف شعبوں کے صدور،کنوینربورڈآف سٹڈیز، کالج پرنسپلوں اوریونیورسٹی عہدیداران نے شرکت کی۔