جموں کے بعض علاقوں میں نافذ کرفیو میں نرمی

سرینگر/ضلع مجسٹریٹ جموں نے سوموار کو اعلان کیا کہ شہر کے گاندھی نگر ،سینک کالونی، ترکوٹہ نگر،اور ستواری پولیس سٹیشن علاقوں میں د و سے پانچ بجے تک کرفیو میں نرمی کی جارہی ہے۔

تاہم مذکورہ علاقوں میں دفعہ144کے تحت لوگوں کے جمع ہونے پر پابندیاں عاید رہیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرفیو میں نرمی کے دوران سیول سیکریٹریٹ کے ملازمین اور ضروری سروس سے وابستہ اہلکاروں کے شناختی کارڈ کرفیو پاس تصور کئے جائیں گے ۔

ضلع مجسٹریٹ کے مطابق ایئر ٹکٹیں،ریلوے ٹکٹیں اور مختلف امتحانات کیلئے داخلہ کارڈ بھی کرفیو پاس تصور کئے جائیں گے۔

جموں شہر میں 15فروری کو اُس وقت کرفیو نافذ کیا گیا جب تشدد پر آمادہ بھیڑ نے کشمیریوں اور مقامی مسلمانوں کی املاک کو نقصان پہنچایا اور کئی گاڑیوں کو آگ لگادی۔

یہ مظاہرین لیتہ پورہ حملے کیخلاف احتجاج کرنے کیلئے سڑکوں پر نکل آئے تھے جس میں 14فروری کوکم سے کم49فورسز اہلکار ہلاک ہوگئے۔

شہر میں موبائیل انٹرنیٹ سروس لگاتار معطل ہے۔