جموں//کشمیری مہاجر پنڈتوں کی ایک تنظیم ’پنن کشمیر‘ نے الزام لگایا ہے کہ صوبہ جموں کی ڈیموگرافی تبدیل کرکے اسے دوسرا لبنان بنانے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ تنظیم نے جموں میں مقیم چند ہزار روہنگیا پناہ گزینوں کا نام لئے بغیر کہا کہ ایک مخصوص مذہب اور دوسرے ملکوں کے شہریوں کو یہاں بسایا جارہا ہے۔ تنظیم نے مطالبہ کیا کہ وادی کشمیر کو تقسیم کرکے وہاں ایک الگ ’پنن کشمیر‘ کا قیام عمل میں لایا جائے۔ پنن کشمیر کے چیئرمین ڈاکٹر اجے چرنگو نے پیر کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’گذشتہ مہینے ہم نے پورے صوبہ جموںکا دورہ کیا۔ اس دوران ہمیں معلوم ہوا کہ واقعی صوبے کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں ۔ حقیقت تو یہ ہے کہ اس نے ایک بھیانک شکل اختیار کرلی ہے‘۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ صوبہ جموں کی ڈیموگرافی تبدیل کرکے اسے دوسرا لبنان بنانے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا ’جموں کو لبنان بنانے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ اس کے لئے اندر اور باہر سے قوتیں کام کررہی ہیں۔ لبنان ایک وقت مڈل ایسٹ میں ایک عیسائی اکثریتی، جمہوری اور سیکولر اسٹیٹ تھالیکن ڈیموگرافی تبدیل کرکے اسے ایک اسلامک اسٹیٹ میں تبدیل کیا گیا۔ لبنان میں پیسہ دیکر لوگوں کو بسایا گیا۔ بعد میں فلسطینی رفوجیوں کو بساکر پورے لبنان کی ڈیموگرافی تبدیل کی گئی۔