جموں کشمیر کے مزید 6اضلاع سے ہفتہ وار بندشیں ختم

سرینگر// جموں کشمیر میں حکام نے مزید 6 اضلاع میں ہفتہ وارکورونا کرفیو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ریاسی میں اسے دوبارہ نافذ کردیا گیا ہے۔ابھی تک مرکزی زیر انتظام خطے میں 20 میں سے 13اضلاع میں ہفتہ وار بندشیں کو ہٹایا گیا ہے۔جن 6اضلاع سے بندشیں ہٹائی گئیں ہیں ان میں پونچھ، راجوری، اننت ناگ، بارہمولہ، بڈگام اور پلوامہ شامل ہیں۔ آفات سماویٰ کے متعلق ریاستی ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ چیف سیکریٹری ارون مہتا،جو اس کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں ،کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔میٹنگ میں کوویڈ سے متعلق تمام صورتحال کا جائزہ لیا جس کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا۔جہاں ہفتہ وار کرفیو کو اننت ناگ، بانڈی پورہ ، بارہمولہ، بڈگام ، گاندربل ، پلوامہ اور شوپیان کے علاوہ جموں ، کھٹوعہ ، سانبہ ، پونچھ ، راجوری ، اور ادھمپور ہٹانے کے حکامات صادر کئے گئے ہیں،وہیں ان 13 اضلاع  سمیت دیگر 7اضلاع میں رات کا کرفیو شام 8 بجے سے صبح 7بجے تک جاری رہے گا۔ ان اضلاع میں تمام بیرونی سرگرمیاں ہر دن صبح 7بجے سے شام  7بجے تک جاری رہیں گی ۔حکمنامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ بازار انجمنوں کو مقامی انتظامیہ سے مکمل طور پر تعاون کرنا ہوگا جبکہ ساتھ ہی کورونا سے متعلق معیاری عملیاتی طریقہ کار پر عملدرآمد لازمی ہے۔ حکمنامہ میں مزید کہا گیاہے کہ انڈور شاپینگ کمپلیکس ان صارفین کیلئے کھول سکتے ہیں ،جنہوںنے ٹیکہ لگایا ہوگا یا ان کے کورنا ٹیسٹ منفی آئے ہوں۔ساتھ ہی ضلع مجسٹریٹوں سے کہا گیا ہے کہ وہ تمام اقدامات کو سختی سے عمل میںلائیں ۔حکم نامہ کے مطابق اندرونی کھیل کود سرگرمیاں 50فیصد تک جاری رہیں گی تاہم اس کیلئے بھی ضروری ہے کہ کھیل سرگرمیوں میں شامل ہونے والے افراد نے ٹیکہ لگایا ہو یا ان کا کورونا ٹیسٹ منفی ہو ۔