جموں کشمیر کے لوگ ملی ٹنسی سے بیزار،معمول کے حالات کے متمنی: فوجی سربراہ

سرینگر//فوجی سربراہ جنرل ایم ایم نروانے نے سنیچر کو کہا کہ جموں کشمیر میں سیکورٹی فورسز نے کافی کامیابی حاصل کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگ ملی ٹنسی سے بیزار ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ معمول کے حالات بحال ہوں۔
دہرادون میں ایک تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے فوجی سربراہ نے کہا” جہاں تک جموں کشمیر یا مغربی ہمسایہ کا تعلق ہے،ہم نے گذشتہ دس دنوں کے اندر بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔“
انہوں نے کہا کہ صرف گذشتہ10سے15دنوں کے دوران 15جنگجوﺅں کو جاں بحق کیا گیا ہے۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا” ایسا جموں کشمیر میں تعینات سبھی سیکورٹی فورسز کے آپسی تال میل سے ہی ممکن ہو اہے“۔
فوجی سربراہ کا کہنا تھا کہ جنگجوﺅں کی حالیہ ہلاکتیں عام شہریوں کی طرف سے فراہم کردہ اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہیں جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ ملی ٹنسی سے بیزار ہوکر معمول کے حالات کی بحالی چاہتے ہیں۔