سرینگر //جموں کشمیر کے لوگ امن کے خواہاں ہیںاورعوامی تعاون سے گزشتہ پندرہ روزکے دوران جنگجومخالف کارروائیوں میں فورسزکو اہم کامیابیاں ملی ہیں۔ کے این ایس کے مطابق ان باتوں کااظہار فوجی سربراہ جنرل منوک مکندنروانے،نے وہرہ دون مین انڈین ملٹری اکیڈمی میں333فوجی افسران کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کے بعد نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ فوج کے سربراہ ایم ایم نار اوانے، نے کہا کہ جموں وکشمیر میں لوگ جنگجویت اور تشدد سے اُکتا گئے ہیں اور وہ امن او رمعمول کے حالات کی بحالی کے خواہاں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10۔15روز کے دوران سیکورٹی فورسز کو کئی اہم کامیابیاں ملی ہیں ،جس دوران 15جنگجو ہلاک کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ کامیاب آپریشنز کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ سیکورٹی فورسز کے درمیان بہترین تال میل ہے اوراُنہیں عوام کا تعاون بھی حاصل ہورہا ہے ۔ہندچین سرحدی کشیدگی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں بری فوج کے سربراہ کا کہناتھا کہ چین کیساتھ لگنے والی سرحد پر صورتحال کنٹرول میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تسلسل کیساتھ باہمی مذاکرات کے ذریعے دو طرفہ اختلافات کو ختم کریں گے ۔نیپال کی جانب سے ہندوستان کے چند علاقوں کو اپنے نقشے میں شامل کئے جانے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں بری فوج کے سربراہ نے کہا ’نیپال کے ساتھ ہندوستان کے مضبوط تعلقات ہیں‘ ‘۔انہوں نے کہا’ ’ہمارے نیپال کیساتھ مضبوط تعلقات ہیں ،ہمارے جغرافیائی ،کلچرل ،تاریخی اور مذہبی تعلقات بہت گہرے اور مضبوط ہیں ،ہمارے درمیان عوام سے عوام رابطہ ہے ،ہمارے تعلقات ہمیشہ مضبوط رہے ہیں اور مستقبل میں بھی رہیں گے ‘‘۔پاسنگ آئوٹ پریڈ کے بعد333فوجی آفیسران فوج میں شامل ہوئے ۔کورونا بحران کی وجہ سے پاسنگ آئوٹ پریڈ میں نئے فوجی آفیسران کے والدین شامل نہیں ہوئے جبکہ فوج کے سربراہ سمیت تقریب میں شرکت کرنے والے آفیسران نے ماسک پہنا ہوا تھا ۔