جموں کشمیر پولیس کے 2جوان ایورسٹ کی چوٹی سرکرنے کیلئے روانہ

جموں//جموں کشمیر پولیس کے دوجوانوں کو یہاں انسپکٹرجنرل آرمڈپولیس نے مائونٹ ایورسٹ کی چوٹی سر کرنے کیلئے ہری جھنڈی دکھا کرروانہ کیا۔آرمڈ پولیس کی 14ویں بٹالین کے سینئرگریڈکانسٹیبل نذیراحمداورآئی آر پی فسٹ بٹالین کے کانسٹیبل فلیل سنگھ جنہوں نے سونم گیالسوماونٹینیئرنگ انسٹی چیوٹ سکم میں آزمائش کے دوران شاندارکارکردگی کامظاہرہ کیا،کوبھارتی پولیس کی ماونٹ ایورسٹ کی چوٹی کوسر کرنے کی2019کی مہم کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔پولیس سربراہ دلباغ سنگھ اورایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس آرمڈ ایس جے ایم گیلانی نے سینئرگریڈکانسٹیبل نظیراحمداورکانسٹیبل فلیل سنگھ کواس مہم کیلئے منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے ۔اس موقعہ پر پولیس کے کئی اعلیٰ حکام جن میں ایس ایس پی محموداحمد،دشانت سنگھ ایس ایس پی ودیگر موجودتھے ۔جموں کشمیر پولیس کے رام سنگھ نے پہلی بار22مئی2008کو بھارتیہ پولیس کی ماونٹ ایورسٹ کو سر کرنے کی مہم میں حصہ لے کراس چوٹی کوسر کیا تھا۔رام سنگھ کی کامیابی کے بعد جموں کشمیر پولیس میں جموں کشمیر پولیس کی مکمل ماوننٹ نیئرنگ ٹیم کوقائم کیاگیا۔جموں کشمیر پولیس کی ماونٹ نیئرنگ ٹیم نے ابھی تک رام سنگھ کی قیادت میں 25چوٹیوں کو قومی اوربین الاقوامی سطح پر سر کیا ہے ۔