نیوز ڈیسک
نئی دہلی// مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے بدھ کو راجیہ سبھا میں کہا کہ اس سال جنوری سے 3 جولائی تک ایک اندازے کے مطابق 1.06 کروڑ سیاحوں نے جموں و کشمیر کا دورہ کیا۔ایوان میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے، وزیر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں 2019 سے اب تک تقریباً 30,000 لوگوں کو پبلک سیکٹر میں بھرتی کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا، “موجودہ کیلنڈر سال کے دوران یعنی جنوری 2022 سے 3 جولائی 2022 تک، جموں و کشمیر میں سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوا اور اندازہ لگایا گیا ہے کہ یہ تعداد 1,06,24,000 کے قریب ہے۔”انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا سیاحوں کی تعداد میں وشنو دیوی مندر اور امرناتھ جانے والے یاتری بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں سیاحت کے لئے 75بہترین مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے لیے ملک بھر سے نجی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے، جموں و کشمیر کی سیاحتی پالیسی 2020 کو نوٹیفائی کیا گیا ہے اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے سیاحت کو صنعت کا درجہ دیا گیا ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں، وزیر نے کہا کہ بھرتی کے خصوصی قوانین بنائے گئے اور مختلف محکمانہ قوانین میں ترامیم کی گئیں تاکہ بھرتی کے عمل کو شفاف اور وقت کا پابند بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا، “سال 2019 سے اب تک پبلک سیکٹر میں کل 29,806 بھرتیاں کی گئی ہیں۔”