جموں کشمیر میں الیکٹرک بسوں کی خریداری

سرینگر// انتظامیہ نے جموں کشمیر میں ’الیکٹرک،بسوں کی خریداری کی نگرانی اور خریداری کے ضوابط کو طے کرنے کیلئے بین محکمہ جاتی ماہرانا کمیٹی کی منظوری دی ہے،اور اس کی کمان جموں سمارٹ سٹی لمیٹیڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر کو سونپی ہے۔ سرکار کی جانب سے جاری آرڈر میں کہا گیا ہے کہ7نفری کمیٹی میں سرینگر سمارٹ سٹی لمیٹیڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر کے علاوہ میکنکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے چیف انجینئر، جموں کشمیر سٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر، ڈائریکٹر جموں کشمیر موٹر گراجز، جموں میونسپل کارپوریشن کے چیف اکاونٹس افسر اور سرینگر میونسپل کارپوریشن کے لاء افسر ممبران ہونگے۔ حکم نامہ کے مطابق یہ7رکنی کمیٹی الیکٹرک بسوں کے آپریشن سے متعلق تجاویز کی درخواست کو حتمی شکل دے گی جبکہ الیکٹرک بسوں کی فنی خصوصیات سمیت تمام مشینری ساز و سامان اور ڈھانچوں کا بھی مشاہدہ کرے گی۔  کمیٹی کو الیکٹرک بسوں کی خریداری کیلئے مالیاتی طریقہ کار اور معاہدے کے مطابق شرائط و ضوابط کی جانچ کا بھی اختیار ہوگا۔آرڈر کے مطابق7نفری کمیٹی ڈیپوئوں،چارج سٹیشنوں اور آپریشنل ضروریات کی دستیابی کیلئے جگہ کو بھی دیکھے گی جبکہ کمیٹی تجاویزی درخواست کو حتمی شکل دیکر آرڈر جاری کرنے کے ایک ہفتے کے اندر پیش کریں گی۔