جموں کشمیر میں اب بھی غیر ملکی جنگجو موجود ہیں: پولیس سربراہ

سری نگر// جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا ہے کہ اس خطے میں غیر ملکی جنگجو اب بھی اچھی خاصی تعداد میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں امسال دو مسلح جھڑپوں میں دو غیر ملکی جنگجو مارے گئے ہیں۔
پولیس سربراہ نے سوموار کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا”اس سال اب تک دو مسلح جھڑپوں میں دو غیر ملکی جنگجو مارے گئے ہیں“۔
 دلباغ سنگھ نے کہا کہ رواں برس درندازی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ”یہ بات ضرور ہے کہ بھارت اور پاکستان کے مابین جو سیز فائر پر عمل کرنے کے بارے میں اتفاق ہوا ہے اُس سے دراندازی میں کمی واقع ہوئی ہے،لیکن ایسا کہنا غلط ہوگا کہ کشمیر میں غیر ملکی جنگجو موجود نہیں ہےں“۔