جموں کشمیر اور لداخ کی عدالتوں میں کیسوں کی فزیکل شنوائی8فروری سے

سرینگر//جموں کشمیر اور لداخ کی سبھی عدالتوں کے اندر کیسوں کی فزیکل شنوائی کا سلسلہ8فروری سے شروع ہوگا۔تاہم اس دوران کورونا کی تازہ گائڈ لائنوں پر سختی سے عمل در آمد ہوگا۔
جموں کشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس پنکج متھل نے ایک حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے مرکز کے زیر انتظام جموں کشمیر اور لداخ خطوں میں قائم ہائی کورٹ، ضلع عدالتوں اور ماتحت عدالتوں کے اندر فزیکل شنوائی 8فروری سے شروع ہوگی۔
حکمنامے کے مطابق فزیکل شنوائی کے دوران کورونا سے متعلق نئی گائڈ لائنز پر عمل در آمد ہوگا جن میں یہ بھی شامل ہے کہ ہر دن صرف انہی وکلا کو عدالتی احاطوں میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی جن کے کیسوں کی شنوائی اُس دن طے ہوگی۔کیسوں کی شنوائی کے دوران وکلاءکو سماجی فاصلے برقرار رکھنے کی بھی ہدات دی گئی ہے۔عدالتی کمروں کے اندر تاہم عام لوگوں کا داخلہ ممنوع رہے گا۔عدالتی کمروں کے اندر کلرکوں اور وکلاءکے ایجنٹوں کے داخلے پر بھی پابندی کا سلسلہ جاری رہے گا۔