جموں کشمیر اردو کونسل کی جانب سے گرلز ہایر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ میں مقابلہ حسن نعت

 سرینگر//جموں کشمیر اردو کونسل کی جانب سے سرینگر میں رمضان کے بابرکت مہینے میں مقابلہ حسن نعت کا اہتمام گرلز ہایر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ میں ہوا۔ جس میں صوبہ کشمیرسے تعلق رکھنے والے  بیس طلبہ نے حصہ لیا۔ تقریب کی صدارت معروف عالم دین مولانا شوکت حسین کینگ نے کی۔ جبکہ ڈار یکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ڈاکٹر تصدق حسین میر اس موقع پر مہمان خصوصی کی حثیت سے موجود تھے۔  پروفیسر ناصر مرزا، اور پرنسپل گرلز ہایر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ نصرت بخاری بھی ایوان صدارت میں موجود تھیں۔ کونسل کے صدر  ایڈوکیٹ عبدالرشید ہانجورہ نے خطبہ استقبالیہ  دیا ۔ مقابلہ حسن نعت میں  ہایر سیکنڈری اسکول حضرت بل کے نعمان شفیع نے پہلی پوزیشن حاصل کی  جبکہ ایم پی ہایر سیکنڈری سکول کے طالبعلم امان طارق نے دوسری اور گرلز  ہائی سکول نوہٹہ کی بسماء حسن نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلہ میں جج کے فرایض جی این شاکر، نظیر ابن شہباز، اور عمر پیر ذادہ نے انجام دیے۔ مقابلہ حسن نعت کی نظامت صوفی علی محمد نے انجام دی۔