سری نگر //فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹنٹ جنرل وائی کے جوشی نے جموں وکشمیرمیں پائیدار امن وامان کواولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ ہم اسبات کویقینی بنانا چاہتے ہیں کہ سول انتظامیہ بغیر کسی خوف وخطرکے اپنا کام انجام دے ۔انہوں نے جموں وکشمیرکی مجموعی صورتحال کوبہتر قرار دیتے ہوئے کہاکہ سیکورٹی فورسزکی منظم اورمشترکہ کارروائیوںسے جنگجوئیانہ نیٹ ورک کوشددیددھچکا لگاہے ۔ایک انٹرویو کے دوران فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹنٹ جنرل وائے کے جوشی نے کہاکہ تمام سیکورٹی ایجنسیوں کی کوشش اورترجیح یہی ہے کہ جموں وکشمیرمیں امن وامان کے ماحول کوپائیداربنایا جائے تاکہ یہاں کی سیول انتظامیہ بغیرکسی خوف وہراس کے پُرامن ماحول میں اپنا کام جاری رکھ سکے ۔انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسزکی منظم ومشترکہ جنگجومخالف کارروائیو ں سے جنگجو گروپوں کے نیٹ ورک کوسخت دھچکا لگاہے جبکہ ان کارروائیوں کے دوران مقامی وغیر ملکی جنگجوئوں کیساتھ ساتھ اُنکے کمانڈروںکوبھی ہلاک کیاگیا اوراب سبھی جنگجو گروپ دبائو میں ہیں ۔لیفٹنٹ جنرل وائے کے جوشی کاکہناتھاکہ جموں وکشمیرکی سیکورٹی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ تشددکے اکا دکاواقعات کہیں کہیں پیش آتے ہیں اوریہ جنگجوئوںکی شکست کانتیجہ ہے ۔فوج کی شمالی کمان کے سربراہ نے کہاکہ جنگجوآسان اہداف کونشانہ بنانے کیساتھ ساتھ دوردراز کے علاقوں میں عام شہریوںکو نشانہ بناتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اب بیشتر جنگجوگروپوں کے پاس کمانڈر ہی نہیں ہیںاورساتھ ہی جنگجو گروپوں کوافرادی قوت اورہتھیاروں کی کمی کاسامنا بھی ہے ۔لیفٹنٹ جنرل وائے کے جوشی نے کہاکہ سیکورٹی فورسزکی کامیاب کارروائیوں اورموثر حکمت عملی کے بعداب جنگجو گروپوں کے پاس اسلحہ وگولی بارود ،جنگی سامان اورخودکار ہتھیار بھی نہیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اب جنگجو سیکورٹی فورسزسے براہ راست مقابلہ کرنے کے بجائے اپنے لئے آسان اہداف کی تلاش میں رہتے ہیں ۔فوج کی شمالی کمان کے سربراہ کاکہناتھاکہ جنوبی کشمیرکے تین اضلاع کے بغیر باقی وادی میں مقامی نوجوانوں کی جنگجوگروپوں میں شمولیت پرروک لگائی گئی ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ شمالی کشمیرمیں اب صورتحال مجموعی طورپرپُرامن ہے اوریہاں کے لوگ امن کے ماحول سے مستفید ہورہے ہیں ۔فوج کی شمالی کمان کے سربراہ نے کہاکہ اب مقامی سطح پرجنگجو گروپوں میں نوجوانوں کی بھرتی میں کافی کمی آگئی ہے جبکہ مقامی نوجوان سرنڈر کوترجیح دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم جموں وکشمیرمیں پائیدارامن کیلئے وعدہ بند اورکاربندہیں تاکہ یہاں کی سیول انتظامیہ بغیرکسی خوف وخطرکے کام انجام دے سکے ۔لیفٹنٹ جنرل جوشی نے واضح کیاکہ آنے والے دنوں میں جنگجومخالف کارروائیوں میں شدت لائی جائیگی ۔
جموں کشمیرمیں پائیدارامن اولین ترجیح:جوشی
