سرینگر// جموں وکشمیر بینک اپنی روایت کے مطابق ہر کٹھن مرحلے پر اپنے گاہکوں اور اس خطے کے عوام کی امیدوں پر کھرا اترنے کی پوری کوشش کریگا اور ضابطہ کاروں کے منشور کے مطابق ممکنہ مراعات کو گاہکوں تک پہنچائے گا۔اِن باتوں کااظہاربینک کی اعلیٰ انتظامی قیادت نے جموں کشمیرپروسیسنگ اینڈانٹی گریٹیڈکولڈ چین ایسوسی ایشن اور میوہ اُگانے والوں کے نمائندوں کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ یونین ٹیریٹری جموںو کشمیر میں کووڈ۔19 وباء سے کاروباری و تجارتی طبقے کو در پیش نازک مراحل سے نمٹنے کیلئے جموں و کشمیر بینک کی ایگزیکٹیو لیول کریڈٹ منیجمنٹ کمیٹی نے جے اینڈ کے پروسسنگ اینڈ اِنٹی گریٹڈ کولڈ چین ایسو سی ایشن اور میوہ اگانے والوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک مفصل میٹنگ کا انعقاد کیا۔ بینک کے ایگزیکٹیو پریزیڈنٹ ارون گنڈوترا اور غلام نبی تیلی نے اس میٹنگ کی سربراہی کی۔ مختلف ٹریڈ انجمنوں کے ساتھ ملاقاتوں کا یہ سلسلہ گزشتہ ایک ماہ سے جاری ہے جسکا مقصد ایک لائحہ عمل تیار کرنا ہے جو موجودہ کٹھن حالات میں بینک اور کاروباریوں کیلئے بحالی کی طرف ایک موثر راہ عمل ثابت ہوسکے۔ جے اینڈ کے پروسسنگ اینڈ اِنٹی گریٹڈ کولڈ چین ایسو سی ایشن کی طرف سے وفد کی قیادت صدر مجید وفائی نے کی جبکہ دوسرے اراکین میں جنرل سیکریٹری فیصل بُرزا اور ایگزیکٹیو ممبران عارف میر، خرم میر، شاہ جہاں خان، ارشاد بٹ، حکیم خالد، احسان جاوید اور تنویر الحق شامل تھے۔ وفدنے میٹنگ میں بینک کی طرف سے اٹھائے جا رہے اقدامات کی سراہناکی۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بینک کے تعاون سے ہی کولڈ سٹوریج صنعت وجود میں آئی ،لیکن موجودہ حالات میں یہ صنعت بھی از حد مشکلات کا شکار ہے۔ نمائندوں نے بینک انتظامیہ سے درخواست کی کہ اس صنعت کیلئے کم سے کم شرح سود پر ایک مخصوص لون اسکیم رائج کی جائے۔ورکنگ کپیٹل میں مزید30سے 40فیصد اضافی فنڈس کی واگزاری اور ماہانہ قسطوں کی ادئیگی میں کم از کم تین برسوں کی چھٹی فراہم کرنے کی درخواست بھی کمیٹی نے بینک کے سامنے پیش رکھی۔ بینک کی ان کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہ تمام تجارتی انجمنوں و تعلق داروں کے ساتھ مسلسل میٹنگوں کا انعقاد ہو رہا ہے جس سے ایک سود مند لائحہ عمل سامنے آئے گا ۔وفد نے ’ہائی ڈینسٹی ایپل پلانٹیشن‘ اسکیم کے تحت التواء میں پڑی سبسڈی کو واگزار کرنے کیلئے بینک کی سفارش کو سرکار تک پہنچانے پر زور دیا۔ دونوںEPsنے وفد کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بینک کو اپنی مفید تجاویز اور مشوروں سے نوازا ہے ۔ بینک اعلیٰ انتظامیہ نے کہا کہ بینک اپنے ضابطوں کے تحت اپنے گاہکوں کو معاونت کریگا جس میں رعایتی شرح سود پر آسان قرضوں کی فراہمی اور ورکنگ کپیٹل حدوں میں اضافی کرنا شامل ہے۔بینک انتظامیہ نے وفد کو باور کرایا کہ تجارتی طبقے کے ساتھ صلاح مشورے بینک کی بورڈ آف ڈائریکٹرس کی ہدایات پر کئے جا ر ہے ہیں اور بینک کے چیئرمین و منیجنگ ڈایئریکٹر راجیش کمار چھبراز خود حالات کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ایک ٹھوس حکمت عملی مرتب کی جائے جو بینک اور کاروباریوں دونوںکیلئے مفید ثابت ہوسکے۔ بینک کی کریڈٹ منیجمنٹ کمیٹی شعبہ جاتی بنیادوں پر ہارٹیکلچر، ٹورزم، ہینڈی کرافٹ، سیاحت، آٹو موبال انڈسٹری، ٹرانسپورٹ، آئی سیکٹر، ہیلتھ و فرما انڈسٹری جیسے کاروبار کی باز آبادکاری کیلئے منصوبہ مرتب کریگی۔ بینک کی اعلیٰ انتظامیہ نے وفد کو یقین دلایا کہ جموں وکشمیر بینک اپنی روایت کے مطابق ہر کٹھن مرحلے پر اپنے گاہکوں اور اس خطے کے عوام کی امیدوں پر کھرا اترنے کی پوری کوشش کریگا اور ضابطہ کاروں کے منشور کے مطابق ممکنہ مراعات کو گاہکوں تک پہنچایا جائیگا۔
جموں کشمیربینک تمام ممکنہ مراعات گاہکوں تک پہنچائے گا
