جموں کشمیربھاجپا کور گروپ کی اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد وزیر داخلہ نے پارٹی کے کام کاج کا جائزہ لیا

عظمیٰ نیوز سروس

 

سرینگر//مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پیر کو نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر جموں و کشمیر بی جے پی کے کور گروپ کی ایک اعلی سطحی میٹنگ کی صدارت کی تاکہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں 2024 لوک سبھا اور بلدیاتی انتخابات سے قبل زمینی صورتحال اور پارٹی کے کام کاج کا جائزہ لیا جا سکے۔ میٹنگ میں شرکت کرنے کیلئے جموں و کشمیر بی جے پی یونٹ کے لیڈروں کو اتوار کو نئی دہلی بلایا گیا تھا۔

 

 

میٹنگ میں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، جموں و کشمیر کے انچارج ترون چگ، سابق نائب وزیر اعلی کویندر گپتا، مرکزی وزیر اور ادھم پور کے ایم پی جتیندر سنگھ، اشوک کول، نرمل سنگھ، دیویندر منیال، جگل کشور شرما، ببدو گپتا، سنیل شرما، ست پال شرما اور شکتی پریہار نے شرکت کی۔ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں زمینی سطح پر پارٹی کی پوزیشن اور کام کاج کا جائزہ لینے کے لیے خاص طور پر جموں و کشمیر میں آنے والے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات، جو اس سال منعقد ہونے کا امکان ہے اور آئندہ ہونے والے قومی انتخابات کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ اجلاس پہلے صبح 11 بجے ہونا تھا لیکن اسے سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ذرائع نے مزید کہا کہ میٹنگ کے دوران مقامی مسائل جو جموں و کشمیر میں بی جے پی کی شبیہ کو خراب کر رہے ہیں، بھی اٹھایا گیا۔انہوں نے کہا، “اجلاس میں پارٹی کے جموں کشمیر یونٹ کے کام کاج کا مجموعی جائزہ لیا گیا ۔قبل ازیں ہفتہ کو مرکزی وزیر اور ادھم پور سے ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا تھا کہ بی جے پی جموں و کشمیر میں اسمبلی اور بلدیاتی انتخابات کے لیے تیار ہے لیکن فیصلہ الیکشن کمیشن کو کرنا ہوگا۔