سرینگر// پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کشمیر کا ایک وفد جموں و کشمیربنک کے چیئرمین اور سرپرست اعلیٰ پرویز احمد سے ملاقی ہوا اور گزشتہ مالی برس کے بنک کے شاندارمالی نتائج پر انہیں مبارکباد دی اور عزت افزائی کی۔ گیارہ رکنی وفد کی قیادت چیمبر کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر ممتاز مشتاق احمد چایا کر رہے تھے جن کے ہمراہ چیمبر کے ساتھی چیئرمین بلدیو سنگھ رینا اور ظہور احمد ترمبو بھی تھے۔ وفدنے چیئرمین کے اُن قابل ستائش اقدامات کی سراہنا کی جنکی بدولت صرف دو سال کے اندر 1632کروڑ کے نقصان سے اُبھر کر جے اینڈ کے بینک نے مارچ 2019میں 465کروڑ روپے کا منافع درج کیا اور سال 2022 تک دو ہزار کروڑ روپے منافع کا نشانہ بھی مقرر کیا ہے۔ مشتاق احمد چایا نے کہا کہ یہ جے کے بنک انتظامیہ کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے کہ یہ بنک بہت کم مدت میں ملکی سطح کے مالی بحران سے باہر آیا اور مارچ 2017کے تشویش سے نکل کر محفوظ زون میں آگیا جو ریاست کی ساری بزنس کمیونٹی کیلئے سبق آموز ہے۔ اس موقع پرجے کے بینک چیئرمین نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام تعلق داروں کی نیک خواہشات اور بھروسے کا نتیجہ ہے جو ہمیں آگے بڑھنے کا حوصلہ عطا کرتی ہے۔ خدمت سے خود کفالت تک ہمارے نعرے کا مقصد ریاست کی کاروباری ترقی کے علاوہ یہاں روزگار کے وسائل بھی پیدا کرنا ہے۔
جموں کشمیربنک کے شاندار مالی نتائج | پی ایچ ڈی چیمبر کی طرف سے عزت افزائی
