جموں و کشمیر ہلپرس اینڈ سپر وائزرس ایسو سی ایشن کا سری نگر میں احتجاج

سری نگر//جموں و کشمیر ہلپرس اینڈ سپر وائزرس ایسو سی ایشن نے جمعرات کے روز یہاں پریس کالونی میں اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج درج کیا۔
احتجاجی ہلپرس اور سپر وائزرس ’ہماری مانگیں پوری کرو‘، ’چھین کے لیں گے اپنا حق’ وغیرہ جیسے نعرے لگا رہی تھیں۔
اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم گذشتہ تین برسوں سے احتجاج کر رہے ہیں لیکن ہمارے مسائل حل نہیں کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تنخواہیں بند ہیں جس کی وجہ سے ہم گوناگوں مشکلات سے دوچار ہیں۔
موصوفہ نے کہا کہ اس سال ہمیں نوکریوں سے بر طرف کرنے کا حکمنامہ نکالا گیا اور ہم، جو تیس برسوں سے اس محکمے کی خدمت کرتے ہیں، کو گھروں میں بیٹھنے کو کہا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت نے محکمے کو ہمیں بحال کرنے کی ہدایات بھی دیں اور ہمارے ویجز واگذار کرنے کا بھی حکم جاری کیا لیکن آج تک کچھ بھی نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ محکمے کا عدالتی ہدایات پر عمل نہ کرنا توہین عدالت کے مترادف ہے۔
موصوفہ نے کہا کہ ہم کل 918 ہلپرس ہیں جن میں سے330 نے عدالت کی طرف جوع کیا ہے۔