جموں و کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشیں| 29 جنوری تک موسم میں نہیں ہو گی تبدیلی

سری نگر//کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں درمیانی رات کو ہلکی برف باری ہوئی ہے ۔

وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ اور پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالترتیب قریب 0.4 ملی میٹر اور 1.1ملی میٹر بارش ہوئی ہے

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ وادی میں 29 جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران دن کے درجہ حرارت میں بہتری جبکہ رات کی سردیوں میں اضافہ درج ہو سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 30 جنوری کو موسم ابر آلود رہے گا جبکہ 31 جنوری کو کہیں کہیں ہلکے درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 29جنوری تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔

قابل ذکر ہے کہ وادی میں سردیوں کا بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان بر سر اقتدار ہے جو ٹھٹھرتی سردیوں اور بھاری برف باری کے لئے اپنا منفرد مقام رکھتا ہے۔

چلہ کلان کی حکومت 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوگی اور اس کے بعد بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوگا گرچہ اس کی حکومت کے دوران بھی بھاری برف باری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے تاہم سردی کی شدت میں بتدریج کمی ہی واقع ہوگی