شوپیاں //زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر مملکت کیلاش چودھری نے مرکزی حکومت کے جاری عوامی رابطہ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر ضلع شوپیاں کا دورہ کیا ۔مرکزی وزیر نے عوامی وفود سے ملاقات کی اور ضلع کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا ۔ دورے کے دوران مرکزی وزیر مملکت نے آر اینڈ بی ڈویژن شوپیاں کے ذریعے آر ایم ایس اے کے تحت 306.34 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ 100 بستروں والے گرلز ہوسٹل زینا پورہ کا ای افتتاح کیا ۔ انہوں نے پی ایم ڈی پی کے تحت 234.38 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے بننے والے دوہرے منزلہ این ٹی پی سی تکیہ امام صاحب کا بھی افتتاح کیا اور 350 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی قبائلی آبادی کیلئے ٹرانزٹ رہائش کا ای سنگِ بنیاد بھی رکھا ۔ اس موقعہ پر مرکزی وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر کے زرعی شعبے کو بہتر بنانے کیلئے پُر عزم ہے کیونکہ اس جگہ کی ترقی وزیر اعظم کے ایجنڈے میں سرِ فہرست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی شعبے کی ترقی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے درکار تمام اقدامات کرنے کیلئے پُر عزم ہے ۔ مرکزی وزیر نے کم سے کم وقت میں تمام ترقیاتی کاموں کو حاصل کرنے اور مکمل کرنے پر ضلعی انتظامیہ کی تعریف کی ۔ بعد میں وزیر نے عوامی وفود سے بات چیت کی جن میں ضلع ترقیاتی کونسل شوپیاں کے اراکین ، بی ڈی سی کے اراکین اور پی آر آئی کے دیگر نمائندوں ، میونسپل کونسل شوپیاں ، سول سوسائیٹی کے اراکین کے علاوہ دیگر افراد شامل تھے ۔ وفود نے اپنے اپنے علاقوں سے متعلق کئی مطالبات اور مسائل اٹھائے ۔ وزیر نے تمام وفود اور افراد کو غور سے سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ وہ ذاتی طور پر تمام مطالبات پر غور کریں گے تا کہ ان شکایات کو جلد از جلد دور کرنے کیلئے اقدامات کئے جا سکیں ۔ وفود سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت تمام برادریوں کے لوگوں کی مجموعی ترقی کیلئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کو نافذ کر رہی ہے ۔ اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر شوپیاں سچن کمار ویشیا ، ایس ایس پی امرت پال سنگھ ، ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر محمد یوسف میر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مشتاق احمد سمنانی ، جوائینٹ ڈائریکٹر پلاننگ خورشید احمد کھٹانہ اور ضلع کے دیگر سینئر افسران موجود تھے ۔